حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا قم المقدسہ کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے "16ویں ربیع الشہادۃ" نامی کانفرنس کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ساتھ ملاقات میں کہا: ولادت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں مختلف پروگرامز اور کانفرنسز کا انعقاد انتہائی باعظمت اور مؤثر ہے اور ان کانفرنسوں میں اہل بیت علیہم السلام کی زندگی کے درس اور پیغامات کو دوسروں تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا: حضرت ابا عبد اللہ علیہ السلام کی سیرت اور زندگانی ایسا عظیم درس ہے کہ جسے ہر دور میں پیروانِ اہل بیت علیہم السلام تک منتقل کیا جانا چاہئے۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا قم المقدسہ کے متولی نے مزید کہا: اگر آج آپ نے امام حسین علیہ السلام کی خدمت کرنے کے قابلیت پائی ہے تو یہ گذشتہ بزرگانِ دین کی زحمات اور ان کے توسط سے اہل بیت علیہم السلام کے دروس اور پیغامات کے انتقال کی بدولت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: میراثِ حسینی (ع) ایک الہی امانت ہے اور آپ کو اسے امانتداری کے ساتھ دوسروں تک پہنچانا چاہیے اور یہ آپ کے لیے سعادت اور اعزاز کی بات ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے کہا: جمہوری اسلامی ایران اور ملتِ ایران اہل بیت علیہم السلام کے عاشق اور محب ہیں۔ وہ ان ہستیوں کے حرم مطہر کے خادمین سے محبت اور ان کا احترام کرتے ہیں۔ وہ دل و جان سے ان مقدس مقامات پر حاضری دیتے ہیں، ان کی خدمت کرتے ہیں اور اس عظیم درسگاہ سے کسبِ فیض کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ "ربیع الشہادۃ کانفرنس" ہر سال کربلا میں امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر منعقد ہوتی ہے اور اب تک اس سلسلہ کی 15 کانفرنسیں منعقد ہو چکی ہیں اور اس سال اس کانفرنس کا 16 واں ایڈیشن ہے۔