حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر حضرت معصومہ (س) کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے مسجد مقدس جمکران میں منعقدہ حرمہائے مطہر اور بقاع متبرکۂ ایرانِ اسلامی کے آٹھویں اجلاس میں گفتگو کے دوران کہا: تاریخ کے مختلف ادوار میں مقدس مقامات کے مؤقف وقت کے حالات اور عالم اسلام کے واقعات کے مطابق رہے ہیں اور عوام کی بھی ہمیشہ یہی توقع رہی ہے۔
انہوں نے کہا: اہل بیت علیہم السلام ہر دور میں معاشرے کی ضرورت کے مطابق اپنا خاص طرزِ عمل، موقف اور پیغام پیش کرتے تھے۔ آج بھی متبرک مقامات کو چاہئے کہ وہ منطقی، واضح اور بروقت موقف اپنائیں خصوصاً ان واقعات کے بارے میں جو عالمِ اسلام میں رونما ہو رہے ہوں یا ایسے امور جو عوامی رائے پر اثر انداز ہو سکتے ہوں۔
آیت اللہ سعیدی نے حضرت فاطمہ معصومہ عسلام اللہ علیہا کے تاریخی کردار اور قم میں ان کی موجودگی کے اثرات کے حوالے سے کہا: معتبر روایات کے مطابق وہ عظیم مرتبت خاتون سنِ بلوغ سے پہلے ہی فقہی اور اعتقادی سوالات کے جوابات دیتی تھیں جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کی علمی تربیت ائمہ معصومین علیہم السلام کے دامن میں نہایت دقیق انداز میں ہوئی۔
حرم مطہر حضرت معصومہ (س) کے متولی نے آخر میں کہا: اہل بیت علیہم السلام کے حرم عوام کی روحانی اور نفسیاتی آرامگاہ ہیں اور ضروری ہے کہ ان کی حفاظت حکمت، دقت اور احترام کے ساتھ کی جائے۔









آپ کا تبصرہ