حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے مذہبی انجمنوں کے محرم الحرام کی مناسبت سے منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا: اگر ہم نے اپنے آپ کو ائمہ علیھم السلام کے ساتھ متصل نہیں کیا تو ہماری کوئی اہمیت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا: امام حسین علیہ السلام سے تمسک کے لئے محرم الحرام بہترین فرصت ہے اور اگر خدانخواستہ ہم امام حسین علیہ السلام سے متمسک نہ ہوں تو خدا کے پاس ہماری کوئی عزت و آبرو نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اگر دین اسلام کی امام حسین علیہ السلام کے خون سے آبیاری نہ ہوتی تو بنی امیہ دین اسلام کو نابود کر دیتے۔ اس لئے ہم سب اپنے دین کو امام حسین علیہ السلام کے مدیون و مرہون منت جانیں۔
دینی علوم کے استاد نے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جو امام حسین علیہ السلام سے محبت کرے خدا اس سے محبت کرتا ہے پس اگر ہم چاہتے ہیں کہ محبوبِ خدا بنیں تو ہمیں عزاداری امام حسین علیہ السلام کے انعقاد کے لیے کام کرنا چاہیے اور امام حسین علیہ السلام کی یاد کو زندہ رکھنا چاہیے۔
انہوں نے عزاداری امام حسین علیہ السلام کے انعقاد کے لیے حفظان صحت کے اصولوں کی رعایت کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا: جس طرح دین کی حفاظت کے لئے عزاداری کا انعقاد واجب ہے اسی طرح تمام مراجع تقلید کے فتوی کے مطابق جسم و جان کی سلامتی کی حفاظت بھی واجب ہے پس ہمیں چاہیے کہ حفظان صحت کے اصولوں کی رعایت کرتے ہوئے جسم اور دین کی سلامتی کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔