۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
برادر سہیل احمد مطہری

حوزہ/ برادر سہیل احمد مطہری: ہمیں چاہیے کہ امام علی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی کا حقیقی جشن اس انداز سے منائیں کہ اپنے مولا و امام علی علیہ السلام کی سیرت اور کردار کو اپنی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری برادر سہیل احمد مطہری نے ولادتِ امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے بیان میں کہا کہ ہمارے لئے یہ سعادت کی بات ہے کہ ہمیں شہر اللّٰہ یعنی رجب المرجب کا بابرکت ماہ نصیب ہوا ہے جو کہ ولادتِ آئمہ کرام سے منور ہے۔ خصوصاً ولادت امیر المؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام بھی اسی ماہ میں ہے جو کہ قلوبِ مؤمنین و عاشقان علی علیہ السلام کیلئے بھار کی مثل ہے۔ اس ماہ میں مؤمنین کے قلوب کی نشوونما ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رجب المرجب 30 عام الفیل کو تولید ہونے والی ہستی جس کی پہلی غذا دیدارِ رسول اللّٰہ اور لعاب دھنِ ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور ایسی غذا جو کہ پاک اور خالص ہو وہی غذا روح اور دل کی پرورش کرکے انسانِ کامل تک پہنچاتی ہے۔ اس کا ہی نتیجہ ہے کہ امام المتقین جناب علی علیہ السلام بچپن میں ہی وصی اور جانشین پیغمبر اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے عھدے پر فائز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جن کی پوری زندگی خدمتِ و تربیتِ رسولِ خدا کے زیر اہتمام گذری ہو اور وہ نفسِ رسول، باب علم، اور کلِ ایمان بن کر ہمارے لئے اک معیارِ حق ثابت ہوئے ہیں۔ رسول ختمی مرتب کی مشہور حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ جس میں رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ رَحِمَ اَللَّهُ عَلِيّاً اَللَّهُمَّ أَدِرِ اَلْحَقَّ مَعَهُ حَيْثُ دَارَ خدایا علی پر رحم فرما اور حق کو ان کے ساتھ پھیرے جہاں وہ پھریں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ امام علی علیہ السلام معیارِ حق اور میزانِ قرب خداوندی ہے، ہمیں چاہیے کہ امام علی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی کا حقیقی جشن اس انداز سے منائیں کہ اپنے مولا و امام علی علیہ السلام کی سیرت اور کردار کو اپنی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کریں۔ وہ فیوضات اور معرفت جو امام نے ہمارے لئے ارشاد فرمائیں ہیں ان سے زیادہ سے زیادہ کسب فیض کریں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .