حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کی جانب سے دو روزہ ورکشاپ بعنوان "مفاہیم قرآن و معارف تجوید" منعقد ہوئی۔ جس میں صوبہ سندھ کے گوشہ و کنار سے مختلف تحریکی ساتھیوں نے شرکت کی۔
اس رپورٹ کے مطابق مرکزی سیکرٹری شعبہ تعلیم و تربیت مظفر علی میثم کا کہنا تھا کہ چیئرمین استاد محترم سید حسین موسوی کے نظریے و فلسفہ کے تحت انسیت قرآن تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ رجسٹریشن مہم کی تحت افراد کو سلیکٹ کیا گیا اور پھر ان کی تربیت کے لئے آج سے ورکشاپ شروع کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ بھر سے 110 افراد کو رجسٹرڈ کیا گیا اور پھر 90 مقامات منتخب کئے گئے جہاں پر امسال ماہ رمضان میں باقاعدہ اصغریہ تحریک کی جانب سے ایک قرآنی سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جس میں باقاعدہ اور منظم انداز میں کلاسز کی صورت میں تربیت دی جائیگی۔
مرکزی تعلیم و تربیت سیکریٹری نے ورکشاپ کا آغاز کیا تو تلاوت کلام الٰہی کی سعادت برادر استاد فرحت حسین فردوسی نے حاصل کی۔اس کے بعد مرکزی صدر اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان برادر شہزاد رضا نے شرکاء ورکشاپ اور مسئولین استاد محترم سید حسین موسوی اور مقامی ضلع کابینہ یونٹس منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں مرکزی تعلیم و تربیت سیکریٹری مظفر علی میثم نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد اور شیڈول سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ "میں تمہارے درمیان دو گرانقدر چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں، ایک کتاب اللہ ثقل اکبر یعنی قرآن مجید ہے اور دوسری ثقل اصغر یعنی میری عترت و اہلبیت ہے اگر تم ان سے متمسک رہے تو ہرگز گمراہ نہ ہوگے اور یہ دونوں ایک دوسرے سے ہرگز جدا نہ ہوں گے یہاں تک کہ مجھ سے حوض کوثر پر ملیں گی"۔
ہمارے معاشرے میں خاص طور پہ شیعہ معاشرہ میں قرآن فہمی اور تجوید سے واقفیت انتہائی کم ہے جسے بہتر کرنے کے لئے نرسری لیول، گراس روٹ لیول تک کام کرنے کی ضرورت ہے بلکہ اس حوالے سے تمام جوانوں کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: اس چیز کو اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان نے محسوس کیا ہے اور اس عظیم کام کا بیڑہ اپنے سر لیا ہے آپ تمام جوانوں کے سہارے پر یہ اقدام کیا ہے۔
ورکشاپ میں استاد محترم نے درس دیتے ہوئے کہا: قرآن مجید سے انسیت نجات کا باعث ہے۔ قرآن مجید سے محبت انسان کو اللہ کے قریب لے جاتی ہے اور قرآن سے محبت کرنے والا کبھی مایوس اور ناکام نہیں ہوتا۔ قرآن مجید سیکھنے اور سکھانے والا دونوں خدا کے محبوب بن جاتے ہیں۔
ورکشاپ میں نماز مغربین با جماعت ادا کی گئی اور بعد میں ورکشاپ کے شرکاء کو تفسیر قرآن اور قرائت کی عملی تربیت دی گئی اور نشست کا اختتام دعای سلامتی امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ساتھ کیا گیا۔