۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
برادر حسن علی سجادی

حوزہ/ درخت ماحول میں توازن اور خوبصورتی لاتے ہیں، آکسیجن پیدا کرتے ہیں اور فضائی جراثیم جذب کر کے صاف ہوا مہیا کرتے ہیں۔ جبکہ مختلف امراض کی دوائی بنانے اور کوئلے میں بدل کر توانائی کا وسیلہ بنتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر محترم برادر حسن علی سجادی نے اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان ضلع خیرپور اور یونٹ بوزدار وڈا کی جانب سے منعقدہ شجر کاری مہم کی آگاہی واک میں شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت ماحول میں توازن اور خوبصورتی لاتے ہیں، آکسیجن پیدا کرتے ہیں اور فضائی جراثیم جذب کر کے صاف ہوا مہیا کرتے ہیں۔ جبکہ مختلف امراض کی دوائی بنانے اور کوئلے میں بدل کر توانائی کا وسیلہ بنتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف ہم سائنس اور ٹیکنالوجی میں جتنی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں دوسری طرف اتنی ہی تیزی سے بدلتی ہوئی ماحولیاتی تبدیلیوں سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ اس دور میں درختوں اور جنگلات کی کمی کی وجہ سے حیاتیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور انسان دن بہ دن مزید ماحولیاتی آلودگی میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ اس آلودگی سے بچنے کا آسان ترین حل ماحول دوست درخت لگانا اور جنگلات کو آباد کرنا ہے،

انکا مزید کہنا تھا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، اسلام کہتا ہے کہ شجرکاری ایک صدقہ جاریہ ہے۔ اس امن و سلامتی کے دین کا پیغام انسانیت کی خدمت ہے، اسی سلسلے میں اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کی جانب سے شجرکاری مہم 20 فروری تا 10 مارچ جاری ہے۔ اس شجرکاری آگاہی واک کے ذریعے ہم تمام ملت پاکستان، حکومت سندھ و پاکستان، تمام ملی و قومی تنظیموں، سول سوسائٹی بلخصوص اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے کارکنوں کو گذارش کرتا ہوں کہ اس موسم بہار میں درخت لگا کر خود کو بلخصوص انسانیت کو فائدہ پہنچائیں اور جو درخت پہلے سے لگے ہوئے ہیں ان کی دیکھ بھال کر کے انسانیت کو تازہ اور خوشحال ماحول فراہم کریں۔ آخر میں مرکزی صدر نے اپنے ہاتھوں سے پودا لگا کر ضلع کے اندر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .