۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حجت الاسلام فرحزاد

حوزہ / حرم مطہر کریمۂ اہلبیت (ع) کے خطیب نے کہا: قرآن کریم کی آیات کے مطابق جو لوگ درہم اور دینار وغیرہ جمع کرتے ہیں لیکن انفاق نہیں کرتے انہیں دردناک عذاب کی بشارت دی گئی ہے اور یہی گرم شدہ درہم اور دینار بروزِ قیامت ان کی پیشانیوں پر چپکائے جائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم مطہر کریمۂ اہلبیت سلام اللہ علیہا قم میں خطاب کرتے ہوئے کہا: قیامت کے دن جن جگہوں پر لوگوں کو حساب کتاب کے لئے روکا جائے گا ان میں سے ایک "مقامِ میزان" ہے جہاں لوگوں کی اعمال کو پرکھا جاتا ہے اور نامۂ اعمال سربمہر ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ مرحلہ بہت سخت ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اگر کسی شخص کے نیک اعمال کی مقدار زیادہ ہو گی تو وہ جنت میں جائے گا اور اگر گناہوں کی مقدار غالب ہو گی تو وہ جہنم میں جائے گا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: قرآن کریم کی آیات کے مطابق دنیا کے بہترین انسان پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں کیونکہ آپ تمام مخلوقات عالم کے لیے بہترین اور برترین نمونہ ہیں۔

حرمِ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: حضرت علی علیہ السلام کی روایت کے مطابق خدا کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب لوگ وہ ہیں جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقیقی پیروکار ہیں اور اپنے اعمال و کردار میں ان کی پیروی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: پوری دنیا خدا کے حسن و جمال کا آئینہ ہے لیکن اس دنیا کی تمام خوبیاں اور حسنات ہمارے پیارے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی میں جمع ہیں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے مزید کہا: روایت کے مطابق خدا نے اس عالمِ ہستی میں سب سے پہلے جو چیز خلق کی گئی وہ ہمارے پیارے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نور ہے اور پھر دنیا کی تمام خیر و خوبیاں اس نور سے پیدا ہوئیں۔

انہوں نے کہا: کوئی بھی شخص اس دنیا میں رول ماڈل کے بغیر نہیں رہ سکتا اور ہر ایک نے اپنے دل اور تخیل میں اپنے لیے ایک نمونہ قائم کیا ہوتا ہے لیکن اہم مسئلہ یہ ہے کہ انسان کو چاہئے کہ وہ اولیاءِ الہی کو اپنے لئے بطور نمونہ قائم کرے نہ کہ شیاطین کو۔

حوزہ علمیہ کے اس استاد نے کہا: اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی بندگی و عبودیت کے لیے خلق کیا ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگ پیسے، حیثیت و مقام اور شیطان کے بندے بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا: اس دنیا میں مال و دنیا کی محبت سے بڑھ کر کوئی چیز ملعون تر اور قابل نفرت نہیں ہے، مگر یہ کہ انہیں نیک کاموں پر خرچ کیا جائے، جو کہ درحقیقت آخرت کا سامان مہیا کرنا ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے مزید کہا: قرآن کریم کی آیات کے مطابق جو لوگ درہم اور دینار وغیرہ جمع کرتے ہیں لیکن انفاق نہیں کرتے انہیں دردناک عذاب کی بشارت دی گئی ہے اور یہی گرم شدہ درہم اور دینار بروزِ قیامت ان کی پیشانیوں پر چپکائے جائیں گے۔

حرمِ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: اگر کوئی شخص خدا کی اطاعت میں اپنی بندگی کو صرف کرے تو وہ سعادتمند ہو گا لیکن اگر وہ بدقسمتی سے اس بندگی سے صحیح طریقے سے استفادہ نہ کرسکے تو اسے شیطان کا بندہ بننا پڑے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .