حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے کہا: رواضع اور انکساری مومن کی صفات ہیں کیونکہ روایت کے مطابق انسان جب تکبر اور غرور کرے گا تو وہ فنا ہو جائے گا۔متکبر لوگوں جنت میں داخل نہیں ہو سکتے اور صرف تواضع اور انکساری رکھنے والا شخص ہی خدا سے نزدیک ہو سکتا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: جب انسان مال میں اضافہ کرتا جائے گا اور اسی سے دل لگا بیٹھے گا تو اس کے لئے راہ خدا میں انفاق کرنا مشکل ہو جائے گا۔روایات کے مطابق جو لوگ بخل کرتے ہیں اور اپنا مال خرچ نہیں کرتے وہ خدا کی رحمت سے دور ہیں اور ملعون ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: بعض لوگ صرف دولت کی تلاش میں رہتے ہیں اور وہ کار خیر نہیں کرتے اور اپنی جائیداد کا حساب بھی نہیں رکھ سکتے، قارون جیسے لوگ جو تاریخ میں بہت زیادہ جائیداد رکھنے کی وجہ سے مشہور ہیں، ایسے لوگوں کی واضح مثال ہیں جو مال جمع کرکے صدقہ و خیرات نہیں دینا چاہتے۔قارون کی مال سے محبت یہاں تک پہنچ گئی کہ اس نے اپنی دولت کو برقرار رکھنے کے لیے ایک عورت کو حضرت موسیٰ علیہ السلام پر تہمت لگانے کے لیے پیسے دئے۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: کنجوس کبھی جنت میں نہیں ہو گا، کیوں کہ کنجوس ملعون ہوتا ہے۔
حوزہ علمیہ کے استاد نے کہا: آخر کار قارون اس مقام پر پہنچ گیا جہاں وہ اپنی تمام دولت کے ساتھ زمین میں دھنس گیا اور خدا نے اس سلسلے میں قرآن کریم میں فرمایا ہے کہ عاقبت اور آخرت صرف متقیوں کے لئے ہے،جنت میں صرف وہی داخل ہوگا جو دنیا میں برتری اور بزرگی کا ارادہ نہ رکھتا ہو۔
انہوں نے مزید کہا: وہ لوگ جو عیش و عشرت کے شوقین ہیں، ان کا طرز عمل بھی قارون جیسا ہے اور ان کا انجام بھی قارون جیسا ہی ہوگا کیونکہ متکبر لوگ کبھی ہدایت کی راہ پر گامزن نہیں رہ سکتے ۔