ہفتہ 20 دسمبر 2025 - 22:02
اوڑی کشمیر: حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ کے فارغ‌التحصیل طلبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب

حوزہ/ حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ نورخواہ اوڑی میں فارغ‌التحصیل طلبہ کی رخصتی کے موقع پر ایک پُروقار اور روحانی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اساتذۂ کرام، علماء، طلبہ اور مقامی شخصیات نے شرکت کی اور طلبہ کے دینی مستقبل کے لیے دعائیں کی گئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نورخواہ، اوڑی (کشمیر)/ حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ نورخواہ اوڑی میں ادارے کے فارغ‌التحصیل طلبہ کی باضابطہ رخصتی کے موقع پر ایک عظیم الشان، پُروقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذۂ کرام، معزز علماء، طلبہ اور مقامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب کو طلبہ کی تعلیمی جدوجہد کی تکمیل اور ان کے عملی و دینی سفر کے ایک نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا گیا۔

تقریب کے دوران بتایا گیا کہ حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ نورخواہ کے یہ فارغ‌التحصیل طلبہ ابتدائی اور متوسط دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد عارضی طور پر اپنے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو رہے ہیں، جبکہ ان شاء اللہ مستقبل قریب میں اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لیے انہیں عالمِ تشیع کے عظیم علمی مراکز، حوزۂ علمیہ نجفِ اشرف، اسلامی جمہوریہ ایران اور قم المقدسہ بھی بھیجا جائے گا، جہاں وہ اعلیٰ سطحی دینی علوم سے استفادہ کریں گے۔

تقریب میں حوزۂ علمیہ کے اساتذۂ کرام، دینی شخصیات اور طلبہ کے درمیان ایک جذباتی اور یادگار آخری نشست بھی منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اساتذۂ کرام نے اپنے خطابات میں طلبہ کو علم کے ساتھ تقویٰ، اخلاقِ حسنہ، صبر، اخلاص اور خدمتِ دین کو اپنی عملی زندگی کا محور بنانے کی نصیحت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دینی تعلیم کا مقصد صرف علمی مہارت نہیں بلکہ معاشرے کی اصلاح، اتحادِ امت اور اہلِ بیت علیہم السلام کے پیغام کو عام کرنا ہے۔

فارغ‌التحصیل طلبہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذۂ کرام کی شب و روز محنت، شفقت، علمی رہنمائی اور اخلاقی تربیت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جہاں بھی رہیں گے، دینِ اسلام اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے رکھیں گے۔

اس موقع پر خصوصی طور پر حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ کے سرپرست و مہتمم، حجۃ الاسلام والمسلمین آقای سید دست علی نقوی کی دینی، تعلیمی اور تربیتی خدمات کو سراہا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ان کی زیرِ نگرانی ادارے نے نہایت قلیل مدت میں دینی تعلیم، نظم و ضبط اور اخلاقی تربیت کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کی مخلصانہ رہبریت اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں آج یہ طلبہ علمی پختگی کے ساتھ دینی ذمہ داریوں کے لیے آمادہ نظر آتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر فارغ‌التحصیل طلبہ کی کامیابی، سلامتی، علم میں ترقی اور دینِ اسلام و اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جس کے بعد ایک پُراثر اور دعائیہ ماحول میں طلبہ کی باعزت رخصتی عمل میں آئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha