۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
تقریب تقسیم اسناد و دستار بندی

حوزہ/جامعۃ النجف سکردو سے امسال فارغ التحصیل ہونے والے 18 سینئر طلباء کے اعزاز میں تقسیمِ اسناد اور دستار بندی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس بابرکت پروگرام میں علماء، دانشوروں اور طلباء کے سرپرستوں نے بھرپور شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو پاکستان سے امسال فارغ التحصیل ہونے والے 18 سینئر طلباء کے اعزاز میں تقسیمِ اسناد اور دستار بندی کی ایک عظیم تقریب منعقد ہوئی۔ اس بابرکت پروگرام میں علماء، دانشوروں اور طلباء کے سرپرستوں نے بھرپور شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق، تلاوتِ قرآنِ مجید کا شرف قاری عرفان حیدر نے حاصل کیا۔ حسین بشیر سلطانی نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں تقریب تقسیمِ اسناد و دستار بندی+تصاویر

استاد محترم سید محمد علی شاہ الحسینی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کی تعلیمی و تحقیقی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مولانا آفتاب احمد نے مدرسہ کے دیگر طلباء کی نمائندگی میں سینئر طلباء کو خدا حافظ کہا۔ رضوان علی نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

شیخ محمود ذاکری نے طلباء کے والدین کی نمائندگی میں سامعین سے خطاب کیا اور جامعہ نجف کا شکریہ ادا کیا۔

مولانا محمد ذاکر جعفری نے فارغ التحصیل طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے جامعۃ النجف کے اساتذہ اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طلباء کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے زحمات اٹھائیں اور تحقیق کے میدان میں طلباء کی سرپرستی کی۔

جامعۃ النجف کے فارغ التحصیل پی ایچ ڈی پروفیسر ڈاکٹر جمیل حسین نے کہا کہ جس طالب علم کی نظر آخری ہدف پر ہو اسے راستے کی صعوبتوں کا احساس نہیں ہوتا، انہوں نے مادر علمی کی شاندار کامیابی پر مبارک باد بھی پیش کی۔

مشہور ماہر تعلیم سید ہادی کاظمی نے کہا کہ جامعۃ النجف سکردو ایک ایسا منفرد ادارہ ہے، جہاں سے جدید معاشرے کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کی تعلیم و تربیت کا اہتمام ہو رہا ہے۔ اس مدرسے کے اساتذہ کرام باصلاحیت اور ماہر ادیب ہیں۔ جس معاشرے میں اہل تقویٰ اور متخصص علماء ہوں وہ معاشرے کو تبدیل کرتے ہیں۔

جامعہ روحانیت بلتستان قم کے صدر آغا سید احمد رضوی نے کہا کہ علم کے نتیجے میں ہمارے اندر تواضع، مزید حصول علم و ہنر کی تڑپ اور تواضع کی صفت آنی چاہئے۔

انہوں نے طلبہ کو بہترین تعلیم و تربیت کی راہ پر گامزن کرنے پر اور اس پر وقار تقریب کے انعقاد پر مسئولین جامعۃ النجف کو مبارک باد دی اور شکریہ ادا کیا۔

سید مصطفیٰ موسوی، سید احمد رضوی، شیخ سجاد حسین مفتی اور شیخ احمد علی نوری نے فارغ التحصیل ہونے والے 18 طلبہ کو اپنے مبارک ہاتھوں سے لباس روحانیت پہنایا۔ تعلیمی و تحقیقی شعبے میں بہترین کارکردگی پر علمائے کرام، دانشوران ملت اور ماہرین تعلیم کے ہاتھوں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو اسناد سے بھی نوازا گیا۔

حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں تقریب تقسیمِ اسناد و دستار بندی+تصاویر

حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں تقریب تقسیمِ اسناد و دستار بندی+تصاویر

معروف عالم دین سید مصطفیٰ موسوی نے کہا کہ جامعۃ النجف سکردو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں دینی اور عصری علوم کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔ طلبہ کو ظاہری رنگ و شکل کے بجائے حقیقت تک رسائی کی کوشش کرنی چاہیے۔

استاد جامعہ النجف شیخ سجاد حسین مفتی نے اپنے اختتامی خطاب میں طلبہ کے والدین، شرکاء اور مدرسے کے حلقہ محسنین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دستار بندی کی صورت میں ایک بڑی ذمہ داری آپ طلباء عائد ہوتی ہے اور وہ یہ ہے کہ عالم انسانیت کو کمال آدمیت کی راہ پر گامزن کرنا۔

علامہ مفتی نے آخر میں تمام طلباء کی کامیابی و کامرانی، مدرسے کی مزید ترقی، امام عصر علیہ السّلام کے ظہورِ میں تعجیل ،عالم اسلام کی کامیابی، اسلام کے دشمنوں کی بربادی اور شیاطین جن و انس کے شر سے ملک عزیز کی حفاظت کی دعا فرمائی۔

اس تقریب کی نظامت کے فرائض استاد حوزہ شیخ اشرف مظہر نے انجام دئیے۔

حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں تقریب تقسیمِ اسناد و دستار بندی+تصاویر

حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں تقریب تقسیمِ اسناد و دستار بندی+تصاویر

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .