جمعرات 8 مئی 2025 - 17:15

تحریر: حجت الاسلام مولانا میثم طہ

حوزہ نیوز ایجنسی | علی پور کے نواحی علاقے گھلواں میں واقع جامعہ علمیہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے اپنے قیام کے نو سال (2016–2025) مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر جامعہ کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی نشست میں علمائے کرام نے شرکت کی، جہاں جامعہ کی نو سالہ جہد مسلسل پر ایک جامع رپورٹ پیش کی گئی۔ اس رپورٹ میں دینی تعلیم، تبلیغ اور سماجی خدمات کے میدان میں جامعہ کی نمایاں کارکردگی کو سراہا گیا۔

تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات:

جامعہ علمیہ امام حسن عسکری نے اپنے قیام کے ان نو سالوں میں دینی علوم کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس عرصے میں 150 سے زائد طلباء نے جامعہ سے دینی تعلیم حاصل کی، جو آج معاشرے کے مختلف شعبوں میں دین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اس وقت بھی 17 طلباء جامعہ میں زیر تعلیم ہیں اور معارف اسلامی سے سیراب ہو رہے ہیں۔ طلباء کی علمی بصیرت میں اضافے کے لیے جامعہ ہر ماہ بزرگ علماء کرام کے آن لائن دروس اخلاق کا باقاعدگی سے اہتمام کرتا ہے، جس سے طلباء کے ساتھ ساتھ عامۃ الناس بھی مستفید ہوتے ہیں۔

تبلیغ دین اور تربیت مبلغین:

جامعہ نہ صرف تعلیم کے میدان میں فعال ہے بلکہ تبلیغ دین کے سلسلے میں بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ یہاں بروقت نماز جمعہ و جماعت کا اہتمام کیا جاتا ہے اور عشرہ محرم الحرام، عیدین اور دیگر اسلامی مناسبتوں پر خصوصی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں کثیر تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ جامعہ نے تبلیغی سرگرمیوں کو منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے تبلیغی مراکز قائم کیے ہیں اور محرم الحرام، ایام فاطمیہ سلام اللہ علیہا اور ماہ مبارک رمضان میں تبلیغ کے لیے مبلغین کی تربیت کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، جامعہ سالانہ شارٹ کورسز اور تربیت مبلغین ورکشاپس کا انعقاد بھی کرتا ہے، جس سے نئے مبلغین کو علمی اور عملی طور پر تیار کیا جاتا ہے۔

تعمیراتی اور سماجی خدمات کا سلسلہ:

جامعہ علمیہ امام حسن عسکری نے تعمیر و ترقی کے میدان میں بھی قابل قدر پیش رفت کی ہے۔ مرکزی جامع مسجد مہدیہ کی تعمیر نو کا آغاز ہو چکا ہے، جو علاقے میں دینی سرگرمیوں کا اہم مرکز ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ، جامعہ سماجی اور رفاہی خدمات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔ ادارے کی جانب سے غرباء، مساکین اور بیوگان کی ہر ممکن مدد کی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں ضرورت مند افراد کو ہینڈ پمپس فراہم کیے گئے ہیں، رمضان المبارک میں راشن تقسیم کیا گیا ہے اور موسم سرما میں گرم کمبلوں کا انتظام کیا جاتا ہے۔ جامعہ علاقے کے پیش نماز حضرات کے ساتھ مکمل تعاون کرتا ہے اور اتحاد بین المسلمین کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

مرکزی مہدیہ جامع مسجد:

جامعہ کے زیر اہتمام تعمیر ہونے والی مرکزی مہدیہ جامع مسجد بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ الحمدللہ، مسجد کی چھت ڈال دی گئی ہے، جو جامعہ علمیہ امام حسن عسکری کی برکات اور اس کے طلباء و اساتذہ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ مسجد کی بنیادوں کے قیام میں مقامی مومنین نے جس قدر مالی اور عملی مدد فراہم کی ہے، جامعہ ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ بلاشبہ، اگر جامعہ علمیہ کا وجود نہ ہوتا، تو یہ اتنا بڑا تعمیراتی منصوبہ کبھی پایہ تکمیل تک نہ پہنچ پاتا۔

موجودہ تعلیمی و تربیتی نظام:

الحمدللہ، جامعہ میں اس وقت 17 طلباء زیر تعلیم ہیں، جن کے قیام و طعام کا انتظام اپنی مدد آپ کے تحت جاری ہے۔ طلباء کی تعلیم و تربیت کے لیے تین لائق اساتذہ کرام اپنی گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ایک باورچی طلباء کے لیے کھانے کا انتظام سنبھالے ہوئے ہیں۔

الغرض جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (گھلواں علی پور) نے اپنے قیام کے ان نو سالوں میں دینی تعلیم، تبلیغ اور سماجی خدمت کے میدان میں ایک روشن باب رقم کیا ہے۔ جامعہ کی مسلسل جدوجہد اور نمایاں کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ادارہ مستقبل میں بھی دین اسلام کی خدمت اور معاشرے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جامعہ کے تمام منتظمین، اساتذہ، طلباء اور معاونین کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین!

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha