اتوار 28 دسمبر 2025 - 20:20
حوزہ علمیہ کا اصل ہدف نئی نسل کی دینی اور فکری تربیت ہے، آغا سید دست علی نقوی

حوزہ/ ولادتِ باسعادت حضرت امام علی نقی الہادیؑ اور ایامِ ولایت کے موقع پر خانپور ماگام میں حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام کے تیسرے شعبے کا افتتاح عمل میں آیا، جسے علاقے کی دینی و تعلیمی ترقی کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نورخواہ، اوڑی کشمیر/ ولادتِ باسعادت حضرت امام علی نقی الہادی علیہ السلام اور ایامِ ولایت کے روح پرور موقع پر خانپور ماگام میں ایک اہم دینی و تعلیمی پیش رفت سامنے آئی، جہاں حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام کے تیسرے شعبے کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع کو اہلِ علاقہ نے نہ صرف علمی میدان میں ایک خوش آئند اضافہ قرار دیا بلکہ ولادتِ امام ہادیؑ کی مناسبت سے اسے باعثِ سعادت بھی سمجھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حوزہ علمیہ امام ہادیؑ دو مقامات پر اپنی دینی و تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے، جن میں مرکزی شعبہ نورخواہ اوڑی جبکہ دوسرا شعبہ قاضی پورہ میں قائم ہے۔ اہلِ ایمان کے مسلسل اصرار، دینی جذبے اور دیرینہ خواہش کے پیش نظر اب تیسرے شعبے کا قیام عمل میں آیا، جس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ طلبہ اور عوام تک دینی تعلیم و تربیت کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔

افتتاح کے موقع پر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید دست علی نقوی نے اپنے خطاب میں ولادتِ امام ہادیؑ کی معنویت اور ولایتِ اہل بیتؑ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: “امام ہادی علیہ السلام کی ولادت ہم سب کے لیے ہدایت، شعور اور ولایتِ اہل بیتؑ کی تجدید کا دن ہے۔” انہوں نے مزید کہا: “جب علم، ولایت اور اخلاقی تربیت کے ساتھ جڑا ہو تو معاشرہ سنورتا ہے، نسلیں محفوظ ہوتی ہیں اور انسان اپنی حقیقی پہچان حاصل کرتا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ حوزہ علمیہ کے قیام کا بنیادی مقصد نئی نسل کو دینداری، اخلاق اور فکری پختگی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔

تقریب میں شریک علماء، طلبہ اور مقامی عوام نے اس افتتاح کو ولادتِ امام ہادیؑ کی خوشیوں میں اضافہ اور علاقے کے علمی و دینی سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس دینی مرکز کو قبولیت، استقامت اور وسعتِ اثر عطا فرمائے۔عوامی حلقوں کے مطابق یہ دن دینی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے کے لیے ایک نئی امید اور روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوا ہے۔

حوزہ علمیہ کا اصل ہدف نئی نسل کی دینی اور فکری تربیت ہے، آغا سید دست علی نقوی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha