ہفتہ 7 فروری 2026 - 13:05
اسلام آباد مسجد دھماکہ: حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ نورخواہ اوڑی کشمیر کی شدید مذمت

حوزہ/ اسلام آباد میں امام بارگاہ حیدریہ الکبریٰؑ میں نمازِ جمعہ کے دوران دہشت گردانہ دھماکے پر حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام، نورخواہ اوڑی کشمیر نے سخت مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعا، زخمیوں سے ہمدردی اور حکومت سے عبادت گاہوں کے مؤثر تحفظ کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں امام بارگاہ حیدریہ الکبریٰؑ میں نمازِ جمعہ کے دوران دہشت گردانہ دھماکے پر حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام، نورخواہ اوڑی کشمیر نے سخت مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعا، زخمیوں سے ہمدردی اور حکومت سے عبادت گاہوں کے مؤثر تحفظ کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان کا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم

اسلام آباد میں امام بارگاہ حیدریہ الکبریٰ (ع) میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے المناک دہشت گردانہ دھماکے کی حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام، نورخواہ اوڑی کشمیر، شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی نہ صرف بے گناہ اور پرامن نمازیوں کے خلاف ایک کھلا جرم ہے بلکہ دینِ اسلام، انسانی شرافت اور معاشرتی اقدار پر براہِ راست حملہ ہے۔

مقدس مقامات کو نشانہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشت گرد عناصر کو نہ دین کی حرمت کا لحاظ ہے اور نہ انسانیت کی قدر۔ ایسے واقعات پوری امتِ مسلمہ کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں اور اس امر کے متقاضی ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف اجتماعی، فکری اور عملی جدوجہد کو مزید مضبوط کیا جائے۔

حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام اس افسوسناک سانحے میں شہید ہونے والے مؤمنین کے لیے بارگاہِ ربّ العزت میں دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا اصحاب کے ساتھ محشور فرمائے۔ اسی طرح زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا ہونے کی دعا کرتا ہے۔

ہم حکومتِ پاکستان اور متعلقہ ذمہ دار اداروں سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام، بالخصوص عبادت گاہوں اور مذہبی اجتماعات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ، مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ آئندہ اس نوعیت کے دردناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

بحیثیت ایک دینی و تعلیمی ادارہ، حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام اس امر پر زور دیتا ہے کہ معاشرے میں امن، رواداری، باہمی احترام اور وحدتِ امت کو فروغ دیا جائے، اور نوجوان نسل کو شعور، اخلاق اور دینی بصیرت سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ نفرت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے فتنوں کا فکری مقابلہ کر سکیں۔

آخر میں ہم تمام اہلِ ایمان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مشکل گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کریں، زخمیوں کے لیے دعا کریں اور امت کے اتحاد و سلامتی کے لیے صدقِ دل سے دعاگو رہیں۔

والسلام

حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام

نورخواہ اوڑی، کشمیر

اسلام آباد مسجد دھماکہ: حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ نورخواہ اوڑی کشمیر کی شدید مذمت

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha