حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام، نورخواہ اُوڑی کشمیر میں دینی علوم کے فروغ کا ایک عظیم اور بابرکت مرکز ہے جو دن بدن ترقی و وسعت کی جانب گامزن ہے۔ یہ کشمیری عوام کے لیے باعثِ فخر ہے کہ ان کی سرزمین پر معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خوشبو پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ پھیل رہی ہے۔
مکمل تصاویر دیکھیں:
وادیٔ کشمیر میں نورِ اہلِ بیتؑ کی نئی کرن، حوزۂ علمیہ امام ہادیؑ کی عمارت کا افتتاح
یہ مقدس دینی ادارہ 11 ذی القعدہ، 25 جولائی 2018ء کو قائم کیا گیا۔ حال ہی میں، ولادتِ باسعادت حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی پُرمسرت مناسبت پر حوزۂ علمیہ کی نئی عمارت کا پُرنور افتتاح عمل میں آیا۔ اس بابرکت تقریب میں مدیرِ جامعہ حجۃ الاسلام و المسلمین آغا سید دست علی نقوی، مسئولِ آموزش حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ جواد، اساتذۂ کرام اور وادی کی اہم شخصیات نے شرکت کی اور اپنے مبارک ہاتھوں سے اس علمی سفر کے نئے مرحلے کا آغاز کیا۔
اس موقع پر مدیرِ جامعہ حجۃ الاسلام و المسلمین آغا سید دست علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پروردگارِ متعال کے بے شمار احسانات پر شکر گزار ہیں کہ اُس نے ہمیں دینِ مبین اسلام کی خدمت اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کے فروغ کی توفیق عطا فرمائی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی سلسلے کی ایک اور بابرکت گھڑی کے طور پر، ولادتِ باسعادت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی مقدس مناسبت پر حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام کی نئی توسیعی عمارت کا سنگِ بنیاد حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ مقبول حسین قمی نے رکھا۔ یہ تاریخی لمحہ 20 جمادی الثانی 1447ھ، مطابق 12 دسمبر 2025ء کو ہمیشہ کے لیے رقم ہو گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام، معزز مؤمنین اور علاقے کے بزرگوں نے بھرپور شرکت کی اور اس علمی مرکز کی ترقی، استحکام اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
آخر میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ان شاء اللہ یہ مقدس ادارہ آئندہ نسلوں کی علمی، اخلاقی اور دینی تربیت میں مرکزی کردار ادا کرے گا اور وادیٔ کشمیر میں نورِ اہلِ بیت علیہم السلام کے فروغ کا ایک مضبوط اور پائیدار ستون ثابت ہوگا۔









آپ کا تبصرہ