۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عباسی - جامعةالمصطفی

حوزہ / حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضۂ اقدس میں گرد و غبار کی صفائی کی تقریب جامعۃ المصطفی کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کی موجودگی میں گزشتہ شب حرمِ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے "فاطمۃ الزہرا (س) ہال" میں منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین عباسی نے اس بابرکت تقریب میں ہفتۂ کرامت کی مناسبت سے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: میں حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں اس مقدس مقام میں حاضری اور خدمت کا موقع فراہم کیا۔

جامعۃ المصطفی کے سرپرست نے حرم کریمۂ اہل بیت علیہم السلام سے قربت کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے اہل بیت علیہم السلام کے کلام میں اس بی بی والا مقام کے بلند مرتبہ کی طرف اشارہ کیا اور کہا: حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کا مقام و مرتبہ جیسا کہ ان کے زیارتنامہ میں بھی ذکر ہوا ہے، سے واضح ہوتا ہے۔ یہ ہستی اتنی باعظمت ہیں کہ ان کے مقام و عظمت کو بیان کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے قم شہر کی تشکیل کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ اس شہر کا اعزاز ہے کہ تقریباً اپنی تشکیل کے وقت سے لے کر آج تک اسے حرم کریمۂ اہل بیت سلام اللہ علیہا سے منسوب ہونے کی سعادت حاصل ہے۔ شہر قم کو ماضی سے ہی ممتاز اور اول درجے کی شخصیات اور اہل بیت علیہم السلام کے محبین اور پیروکاروں کی میزبانی کا شرف حاصل رہا ہے جو اموی خاندان کے دباؤ کی وجہ سے اپنے وطن سے اس سرزمین کی طرف ہجرت کر کے آئے تھے۔ اسی وجہ سے یہ شہرِ قم شروع ہی سے اہل بیت علیہم السلام کے محبین کے وجود سے تشکیل پایا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین عباسی نے شہر ِقم کو اہل بیت(ع) کی محبت کا مرکز قرار دیا اور کہا: اہل بیت(ع) کی روایات میں وعدہ کیا گیا ہے کہ قم، حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرمِ مطہر کی بدولت پوری دنیا کے لئے باعثِ نور و برکت بنے گا اور اس سرزمین سے علم و معرفت کے دروازے پوری دنیا کے لیے کھلیں گے حتی کہ روئے زمین پر کوئی بھی علوم و معارفِ الہی تک رسائی سے عاجز نہ رہے گا۔ آج اس وعدے کے آثار ظاہر ہو چکے ہیں اور حوزہ علمیہ قم اس وقت محبینِ اہل بیت علیہم السلام کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے جو اس باعظمت بی بی سلام اللہ علیہا کی برکت اور فیوضات کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے۔

جامعۃ المصطفی سمیت تمام نعمتیں حضرت معصومہ (س) کے بابرکت وجود سے ہیں

انہوں نے جامعۃ المصطفی کو ہدایت کی ان مصادیق کی نمایاں مثالوں میں سے ایک کے طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا: آج جامعۃ المصطفی کے ذریعہ ہم دنیا بھر کے دور دراز علاقوں میں اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے پھیلاؤ کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ہمیں اس مقدس ادارے میں خدمت کی سعادت حاصل کرنے پر فخر ہے اور ہم ان سب نعمتوں کو حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے وجودِ بابرکت کے مرہونِ منت جانتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ مدح و ثنائے اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ منعقد ہونے والی اس تقریب کے تسلسل میں جامعۃ المصطفی کے اراکین اور ان کے اہل خانہ نے حرمِ مطہر میں "حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہال" کے گردو غبار کی صفائی کی سعادت بھی حاصل کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .