حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت اور عشرہ کرامت نزدیک ہے، شہر قم کے بارے میں متعدد روایات وارد ہوئی ہیں، اور اس شہر کی سب سے بڑی فضیلت حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کا نورانی وجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی تشریف آوری سے قبل بھی شہر قم کے متعلق روایات موجود تھیں جو اس سرزمین کی معنوی عظمت اور شرافت کو ظاہر کرتی ہیں۔
استاد حوزہ علمیہ نے کہا: تمام موجودات فہم و شعور رکھتے ہیں، قرآن و احادیث میں اس بارے میں کئی دلائل موجود ہیں کہ ہر چیز اللہ کی تسبیح کرتی ہے، اگرچہ ہمیں ان کے اندازِ تسبیح کا ادراک حاصل نہیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: امام جعفر صادق علیہ السلام کا ارشاد ہے کہ "قم کی سرزمین مقدس ہے، یہ ولایتِ اہل بیت علیہم السلام کو قبول کرنے والی سرزمین ہے اور یہ ہمارا شہر ہے۔"
قابلِ ذکر ہے کہ یہ روایت ایسے وقت میں بیان ہوئی جب حضرت امام کاظم علیہ السلام، جو حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے والد گرامی ہیں، ابھی دنیا میں تشریف نہیں لائے تھے۔
انہوں نے تاکید کی: روایت میں آیا ہے کہ آخرالزمان میں جب فتنے پھیل جائیں گے تو قم کی طرف ہجرت اور پناہ کی سفارش کی گئی ہے تاکہ لوگ فتنوں سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا: آج قم میں دنیا کے سو سے زیادہ ممالک کے طلبہ علم دین حاصل کر رہے ہیں اور معارفِ اہل بیت علیہم السلام کو اپنے ممالک تک پہنچا رہے ہیں۔ اس شہر میں کئی جلیل القدر علماء اور محدثین مدفون ہیں، اور سب سے بڑھ کر خود حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کا وجودِ اقدس اس شہر کی سب سے بڑی برکت ہے۔
آخر میں انہوں نے فرمایا: امام جعفر صادق علیہ السلام کے ارشاد کے مطابق، حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی شفاعت سے تمام شیعیان جنت میں داخل ہوں گے۔









آپ کا تبصرہ