حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مسجد مقدس جمکران کے متولی حجت الاسلام والمسلمین سید علی اکبر اجاق نژاد نے موکب حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں زائرینِ اربعین سے خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب کے دوران ایامِ حزنِ اہل بیت علیہم السلام پر تعزیت پیش کی اور موکب حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خدام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا: اربعین حسینی ایک عظیم نعمت ہے جو اللہ تعالیٰ نے امام حسین علیہ السلام کو عطا فرمائی اور یہ مقام کسی نبی یا امام کو حاصل نہیں ہوا سوائے اس ہستی کے۔
حجت الاسلام والمسلمین اجاق نژاد نے تحریک عاشورا کی بقا میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے بے نظیر کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: تحریک عاشورا کو اگر دیکھا جائے تو اسے پچاس فیصد امام حسین علیہ السلام نے اپنی شہادت تک مکمل کیا اور پچاس فیصد حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے شہادت کے بعد اپنی مجاہدت سے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ عزاداری اور زیارتِ اربعین اس تحریک کے بقا کے دو بنیادی ستون ہیں جن کی بنیاد حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے رکھی۔
انہوں نے کہا: اسلام "نبوی النشأۃ و حسینی البقاء" ہے یعنی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلام کی بنیاد رکھی اور امام حسین علیہ السلام نے اسے محفوظ رکھا۔ تاریخ میں دشمنوں نے عاشورا کو مٹانے کی بھرپور کوشش کی (حرم کی تخریب، قبر پر پانی چھوڑ دینا اور زیارت سے روکنا اس کی مثالیں ہیں) لیکن اربعین اور عزاداری نے عاشورا کو آج تک زندہ رکھا ہے۔









آپ کا تبصرہ