حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، صدر مملکت ایران حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے اپنے قم کے دورہ کے دوران حرم حضرت معصومہ (س) میں لوگوں کے ایک عظیم اجتماع سے خطاب کے دوران حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا اور حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور عشرہ کرامت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کا وجود قم اور جمہوری اسلامی ایران کے لیے باعث برکت ہے۔
انہوں نے کہا: اس کریمہ اہلبیت بی بی سلام اللہ علیہا کے وجود کی بدولت ہی آج قم ایران اور پوری اسلامی دنیا کے لیے اسلامی معلومات کی نشر و اشاعت کا ایک عظیم مرکز بن چکا ہے۔
صدر مملکت ایران نے قم میں مرد و زن بزرگ شخصیات کی تربیت سمیت مراجع تقلید کے وجود کو بھی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے وجود کی برکات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا: ان شخصیات کی موجودگی کی بدولت قم بصیرت، علمی تخلیق اور اعلیٰ علمی مقام، جہاد و اجتہاد کا مرکز بن گیا ہے۔ جس کے آثار پورے عالم اسلام میں نمایاں ہیں۔
حجت الاسلام سید ابراہم رئیسی نے کہا: دشمنوں نے کئی بار فسادات، دہشت گردی، دھماکوں اور دیگر ہتھکنڈوں سے ایرانی قوم کی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی ہے لیکن دشمن یہ جان لے کہ یہ سب ان کا وہمِ باطل ہے۔
انہوں نے مزید کہا: الحمد للہ ایرانی قوم فولادی ارادہ رکھتی ہے اور خدا پر توکل اور اپنی ہمت کے ذریعہ اس قوم نے اب تک دشمن کو شکست دی ہے اور ان شاء اللہ اسی طرح ترقی کی منازل طے کرتی رہے گی۔