حوزہ نیوز ایجنسی؛ آج کا دن پوری امتِ محمدی ﷺ کے لیے مسرت اور برکت کا دن ہے۔ آج وہ دن ہے جب نورِ اہلِ بیت، وارثِ ولایت، حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی۔ یہ دن نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ ایمان کو تازہ کرنے اور اپنے عہد کو یاد کرنے کا دن ہے۔
اسی بابرکت موقع پر ہم نے "حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام" کی عمارت کے کام کا آغاز کیا ہے۔ یہ قدم صرف ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں، بلکہ ایک علمی، فکری اور روحانی مرکز کی بنیاد ہے، جہاں سے آنے والی نسلوں کو معارفِ اہل بیت علیہم السلام اور نورِ قرآن کی روشنی ملے گی۔
ایسے دن پر یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ یہ کتنی عظیم سعادت ہے کہ ہم امام حسن عسکری علیہ السلام کے یومِ ولادت پر ایسا کام شروع کر رہے ہیں جس کا مقصد دینِ محمدی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی خدمت اور علمِ اہل بیت علیہم السلام کو عام کرنا ہے۔
الحمدُ للہ! خداوندِ عالم کا بے پایاں شکر ہے کہ آج حوزۂ علمیہ امام ہادی علیہ السلام، نورخواہ اُوڑی کشمیر میں مدرسہ کا باضابطہ آغاز کیا گیا؛ یہ اہلِ ہند خصوصاً کشمیری عوام کے لیے باعثِ فخر ہے کہ ایک نہایت نیک اور بابرکت کام کا آغاز ہوا۔
یہ دینی مدرسہ 25 جولائی 2018ء مطابق 11 ذی القعدہ کے بابرکت دن میں قائم کیا گیا تھا، اور آج 2 اکتوبر 2025 / 8 ربیع الثانی ولادت با سعادت حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مناسبت سے اس کی نئی عمارت کا افتتاح عمل میں آیا۔
افتتاحی تقریب میں مدرسہ کے مدیرِ محترم الحاج آغا سید دست علی نقوی صاحب، تعلیمی شعبے کے سربراہ شیخ جواد روحانی صاحب قبلہ مدرسہ کے تمام اساتذہ کرام اور وادی کے معزز بزرگان نے شرکت کی اور اپنے مبارک ہاتھوں سے اس کارِ خیر کا آغاز کیا۔
ہم خداوندِ متعال کے لاکھوں نہیں، بلکہ بے شمار احسانات کے شکر گزار ہیں کہ اُس نے ہمیں یہ سعادت اور توفیق عطا فرمائی کہ ہم دینِ مبین اسلام کی خدمت اور تعلیماتِ اہلِ بیتؑ کے فروغ کے لیے مصروف و مشغول ہیں۔
حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام" کے اس سفر میں آپ سب کی دعاؤں اور تعاون کی ضرورت ہے، تاکہ یہ مرکز اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو زندہ رکھنے والا چراغ بن سکے۔









آپ کا تبصرہ