حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے تحت ہفتۂ وحدت اور عید میلاد النبیؐ کی اختتامی تقریب حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ، بڈگام میں منعقد ہوئی، اس پُروقار تقریب میں تنظیم کے شعبۂ تعلیم "باب العلم" سے وابستہ حوزات علمیہ اور مکاتب کے ذیلی اداروں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ و طالبات کے علاوہ فرزندانِ توحید کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی صفوی نے پیغمبر اکرمؐ اور حضرت امام جعفر صادقؑ کے ایامِ ولادت باسعادت کی مناسبت سے فرزندانِ رسالت و امامت کو ہدیۂ تہنیت پیش کیا۔
انہوں نے عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اکرمؐ کی ذات اقدس مسلمانوں کے باہمی اتحاد و اخوت کا سر چشمہ ہے اور عشقِ رسولؐ کے سامنے فروعی اختلافات کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔
تقریب کے اختتام پر آغا سید حسن نے بچوں کے رنگارنگ پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ممتاز طلباء میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور انجمن کے زیر انتظام مکاتب کے طلبہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے تنظیم کی جانب سے مرتب کردہ تدریسی نصاب کی رسم رونمائی بھی انجام دی۔
تقریب سے مولانا سید مجتبیٰ عباس موسوی صفوی نے نیز خطاب کرتے ہوئے سیرت النبیؐ اور حضرت امام جعفر صادقؑ کے کردار و عمل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے سیرت نبویؐ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نبی آخرالزماںؐ کی ولادت کے وقت دنیا بالخصوص جزیرہ نما عرب ظلم و ستم اور مصائب میں جکڑی ہوئی تھی اور انسانیت کسی نجات دہندہ کی منتظر تھی۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفیٰؐ کے ظہور سے انسانیت پر عظیم احسان فرمایا۔
تقریب کے بعد آقا حسن موسوی صفوی کی قیادت میں عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی ریلی نکالی گئی۔









آپ کا تبصرہ