حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام سیدِ مقاومت، رہبرِ مزاحمت، شہیدِ اسلام سید حسن نصرالله کے ایصالِ ثواب کے لئے مجالسِ ترحیم و قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام اور مکتب الزہراء حسن آباد سرینگر میں کیا گیا۔

اس موقع پر جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام کے طلبہ اور مکتب الزہراء حسن آباد سرینگر کے طلبہ و طالبات نے شہیدِ مقاومت کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن مجید کی تلاوت اور فاتحہ خوانی کی۔ طلبہ وطالبات نے قرآنِ کریم کی تلاوت کے ذریعے شہید کے درجات کی بلندی اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔
اس موقع پر انجمنِ شرعی شیعیان کے ذمہ داران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ کی پوری زندگی اسلام، امت اور مظلومین کے دفاع میں گزری۔
انہوں نے کہا کہ شہید نے نہ صرف لبنان، بلکہ پوری ملت اسلامیہ کو باوقار استقامت اور عزیمت کا سبق دیا۔ اُن کی شہادت نے تحریکِ مزاحمت کو مزید تقویت بخشی ہے اور اُن کے مشن کو نئی نسلیں مزید جوش و جذبے کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہیں۔
مقررین نے کہا کہ شہید سید حسن نصرالله کا تذکرہ صرف ایک شخصیت کا تذکرہ نہیں ہے، بلکہ ایک تحریک، ایک فکر اور ایک مشن کا تذکرہ ہے۔ اُن کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر شرکاء نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ شہید کے مشن اور افکار کی ترویج و اشاعت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور مظلومینِ عالم کی حمایت کو اپنا دینی و ملی فریضہ سمجھیں گے۔
آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ شہید سید حسن نصرالله کو اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے اور امت مسلمہ کو اتحاد، بصیرت اور استقامت کی دولت سے نوازے۔










آپ کا تبصرہ