حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے زیرِ اہتمام ایامِ فاطمیہؑ کی مناسبت پر مختلف مقامات پر مجالسِ عزاء منعقد ہوئیں؛ ان مجالس میں وادی بھر سے مؤمنین و مؤمنات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پہلی مجلس دارالعلی میرگنڈ بڈگام میں، جبکہ دوسری اور تیسری مجالسِ عزاء مرکزی امام بارگاہ آیت اللہ آغا سید یوسفؒ، شارع فضل اللہ بمنہ میں منعقد ہوئیں۔
ان مجالسِ عزاء کا آغاز حسب معمول کشمیری مرثیہ خوانی سے ہوا۔
ان مجالسِ عزاء سے حجت الاسلام آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے خطاب کیا اور حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے قرآنی آیت،(اللّٰهُ نُورُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ) (النور: 35) کے ذیل میں جناب سیدہ فاطمہؑ کو نورِ الٰہی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا وجود حق کے ظہور اور باطل کے زوال کا اعلان ہے؛ اسی لیے ان کا وجود ان لوگوں کے لیے اعتراض ہے جو حق سے منہ موڑتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہؑ نے اپنی زندگی میں ظلم، ناانصافی اور حق تلفی کے خلاف صبر کے ساتھ مگر باعزت احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا نے خطبۂ فدک کے ذریعے امت کو بیدار کرنے کی کوشش کی؛ ان کا سکوت، ان کا درد اور ان کا صبر سب اعتراض کی علامت ہیں، لہٰذا ان کا وجود خود ہی ظلم پر خاموش مگر گہرا احتجاج ہے۔









آپ کا تبصرہ