حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر حجت الاسلام آغا سید حسن موسوی صفوی نے اپنے ایک پیغام میں، آیت الله سید محمد شاہچراغی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمایندۂ ولیِ فقیہ، سمنان کے سابق امامِ جمعہ، ممتاز عالمِ دین اور انقلابی مجاہد آیت اللہ سید محمد شاہچراغیؒ کے انتقالِ پرملال کی خبر نے نہایت رنج و الم میں مبتلا کر دیا ہے۔ مرحوم کی رحلت علمی، دینی اور انقلابی حلقوں کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ شاہچراغیؒ کی پوری زندگی علم و تقویٰ، سادگی، استقامت اور عوامی خدمت سے سر شار تھی۔ انقلابِ اسلامی ایران سے قبل طاغوتی نظام کے خلاف ان کی جرأت مندانہ جدوجہد، امام خمینیؒ سے ان کی گہری وابستگی، قید و بند کی صعوبتوں کا صبر کے ساتھ سامنا اور انقلاب کے بعد امامِ جمعہ، نمایندۂ ولیِ فقیہ اور مجلسِ خبرگانِ رہبری کے رکن کی حیثیت سے ان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے دین اور عوام دونوں کی بے لوث خدمت کی اور ہمیشہ حق و صداقت کا علم بلند رکھا۔
آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ میں اپنی جانب سے اور جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کی طرف سے امامِ زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف)، رہبرِ معظمِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہای (دام ظلہ العالی) اور ملتِ ایران بالخصوص صوبۂ سمنان کے عوام کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں اولیائے الٰہی اور شہدائے راہِ حق کے جوار میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان، شاگردوں اور عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا کرے۔









آپ کا تبصرہ