حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے شعبۂ تعلیم و تربیت کے تحت زون ماگام میں جامعہ باب العلم کے ذیلی اداروں کے مدرسین کے لیے پانچ روزہ تربیتِ مدرس کورس کا انعقاد کیا گیا۔

اس تربیتی کورس میں اساتذہ و مدرسین کو نصابِ تعلیم، تدریسی اسالیب، تربیتی مہارتوں اور دیگر ضروری تعلیمی و انتظامی امور سے متعلق جامع اور مؤثر رہنمائی فراہم کی گئی، تاکہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق دینی تعلیم کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔
تربیت مربی کورس کے اختتام پر انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین سید حسن موسوی نے اساتذہ اور مدرسین کے عزم، اخلاص اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس لگن، ذمہ داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ آپ دینی و تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ نہایت قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تربیتی کورس اساتذہ کی علمی و عملی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرے گا اور جامعہ باب العلم کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں مؤثر اور دیرپا کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر آغا سید حسن موسوی نے بالخصوص مولانا سید مجتبیٰ عباس موسوی اور ان کی زیرِ نگرانی خدمات انجام دینے والی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم جدید تعلیمی و تربیتی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایسی منظم اور دوراندیش تربیت فراہم کر رہی ہے جو نہ صرف موجودہ ضروریات کو پورا کرتی ہے، بلکہ جس کے ذریعے آنے والے وقت میں ایک مضبوط، باصلاحیت اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔









آپ کا تبصرہ