حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر حجت الاسلام آغا سید حسن موسوی صفوی نے دہلی میں ہونے والے دلخراش کار بم دھماکے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے دہلی میں ہونے والے کار دھماکے میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں اس سانحے کو بزدلانہ، غیر انسانی اور انسانیت کے خلاف ایک گھناونا فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وحشیانہ واقعات انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ ہیں جنہیں ہر ذی شعور اور درد مند انسان کو بلا تفریق مذمت کرنی چاہیے۔
انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کی۔
آغا صاحب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس خونریز واقعے کی غیر جانب دارانہ اور جامع تحقیقات عمل میں لائی جائیں، تاکہ اس کے ذمہ دار عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے اور ملک میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے گناہ انسانوں کا قتل کسی بھی مقصد یا تحریک کے نام پر قابلِ جواز نہیں۔ انسانیت کو نفرت، تشدد اور انتقام سے بلند ہو کر امن، محبت اور عدل کے راستے کو اپنانا ہوگا۔









آپ کا تبصرہ