حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبۂ اصفہان کے زیرِ اہتمام حسینیہ فاطمة الزہراء (س) جامعۃ المصطفیٰ اصفہان میں شہادتِ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے ایک مجلسِ عزاء منعقد ہوئی؛ اس مجلسِ عزاء سے مدرسہ الولایہ قم کے پرنسپل حجت السلام مولانا سید حسن رضا نقوی نے خطاب کیا۔

مجلسِ عزاء میں اصفہان میں مقیم اُردو زبان طلاب نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے جناب سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مجلسِ عزاء کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا، جس کے بعد طلاب کرام نے حضرت سیدہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی شان میں منقبت اور سوز و سلام پیش کیا۔
خطیب محترم مولانا سید حسن رضا نقوی مدرسہ الولایہ قم کے پرنسپل نے سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب پر مدلل گفتگو کی۔
حجت الاسلام مولانا سید حسن رضا نقوی نے سیرتِ حضرتِ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور ان کے خیر کثیر ہونے پر نہایت فصیح و بلیغ انداز میں سورۂ کوثر کی تفسیر بیان کی۔
انہوں نے فاعلیت خدا اور قابلیت پیغمبرِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی روشنی میں عطائے کوثر کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے جناب سیدہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کو عالم انوار، عالم مادہ اور عالم آخرت میں خیر کثیر قرار دیا۔
انہوں نے آخر میں حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور مصائب بیان کیے۔












آپ کا تبصرہ