منگل 25 نومبر 2025 - 12:05
قم المقدسہ؛ ایّامِ فاطمیہ کے موقع پر موکب “راہیانِ ولایت” کا تین روزہ انعقاد

حوزہ/ وحدتِ اسلامی اور خدمتِ زائرین کے جذبے کے تحت، مدرسہُ الولایہ، ایم ڈبلیو ایم اور شہید فخر الدین ثقافتی انجمن کے باہمی تعاون سے موکب “راہیانِ ولایت” یکم تا سوم جمادی‌ الثانی تک حرم حضرت فاطمہ معصومہ کے صحنِ جواد الائمہؑ میں منعقد ہوا، جس میں مذہبی، ثقافتی اور خدماتی نوعیت کے متعدد پروگرام پیش کیے گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وحدتِ اسلامی اور خدمتِ زائرین کے جذبے کے تحت، مدرسہُ الولایہ، ایم ڈبلیو ایم اور شہید فخر الدین ثقافتی انجمن کے باہمی تعاون سے موکب “راہیانِ ولایت” یکم تا سوم جمادی‌ الثانی تک حرم حضرت فاطمہ معصومہ کے صحنِ جواد الائمہؑ میں منعقد ہوا، جس میں مذہبی، ثقافتی اور خدماتی نوعیت کے متعدد پروگرام پیش کیے گئے۔

موکب کے تین روزہ انعقاد کے دوران نمازِ ظہرین اور نمازِ مغربین کے بعد مجالسِ عزاء منعقد ہوئیں، جن میں خطباء اور ذاکرین نے فضائلِ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا، معارفِ اہلِ بیتؑ اور مصائبِ آلِ محمدؐ بیان کیے۔

ثقافتی پروگرام میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور مقام سے متعلق مختصر ڈاکومنٹریز اور ویڈیوز پیش کی گئیں، جن کا مواد رہبر معظم اور ممتاز شخصیاتِ عالمِ اسلام کے بیانات سے ماخوذ تھا۔ ان پروگراموں کو زائرین و سامعین کی جانب سے خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔

موکب کی تزئین و آرائش میں ایّامِ فاطمیہ کی مناسبت سے تیار کیے گئے بینرز، شہدائے مقاومت کی تصاویر، اور شیعہ قائدین کی تمثیلات شامل تھیں، جنہوں نے ماحول کو نہایت پُرمعنی اور روحانی بنا دیا۔

بچوں اور نوجوانوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں بھی اہتمام کے ساتھ منعقد ہوئیں، جن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی سے متعلق سوالات و جوابات، منتخب آیاتِ قرآنِ کریم کا حفظ، نقشہ‌کشی، رنگ آمیزی اور ثقافتی مقابلے شامل تھے۔ ان سرگرمیوں میں بچوں کی بڑی تعداد نے جوش و شوق کے ساتھ شرکت کی۔

زائرین کی خدمت کے لیے کھانے کی تقسیم، منظم میزبانی، نیز شرعی سوالات اور اعتقادی شبہات کے جوابات کے لیے اہلِ علم کی موجودگی بھی موکب کا اہم حصہ رہی۔ علماء اور مبلغین نے مؤمنین کے سوالات کا مدلّل اور باوقار انداز میں جواب فراہم کیا۔

“راہیانِ ولایت” نے اپنی پہلی میزبانی میں، خدام کی محنت اور زائرین کی بھرپور شرکت کے ساتھ، ایّامِ فاطمیہ کے شایانِ شان ایک معنوی اور ثقافتی فضا فراہم کی، جسے ہر طبقۂ خیال نے بے حد سراہا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha