حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے قم المقدسہ میں مختلف علمی و سیاسی شخصیات سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سب سے اہم ملاقات آیت الله علی رضا اعرافی سے کی؛ جس میں عالم اسلام سمیت پاکستان اور ایران کے موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

یاد رہے آیت الله علی رضا اعرافی حوزہ ہائے علمیہ ایران کے سربراہ، مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن اور قم کے امام جمعہ ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آیت الله العظمیٰ سید علی سیستانی کے ایران میں نمائندے حجت الاسلام سید جواد شہرستانی سے ملاقات کی؛ ملاقات میں پاکستان اور ایران میں زیر تعلیم طلاب کو درپیش مسائل اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اُنہوں نے آیت الله العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے وفد کے ہمراہ آیت الله رمضانی سے بھی اہم ملاقات کی۔
واضح رہے حجۃ الاسلام و المسلمین رمضانی مجمع جہانی اہل بیت (ع) کے جنرل سیکریٹری اور مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن ہیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر پاکستان سے ایران آنے والے زائرین کو درپیش مشکلات پر خصوصی گفتگو ہوئی اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی سفارش پیش کی گئی۔
حجۃ الاسلام و المسلمین رمضانی نے زائرین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جلد از جلد مؤثر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

وفد میں ایم ڈبلیو ایم کی خارجہ پالیسی کے سربراہ حجت الاسلام سید شفقت حسین شیرازی، شعبۂ قم کے صدر مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی اور مدرسہ الولایہ قم کے پرنسپل مولانا سید حسن رضا نقوی بھی شامل تھے۔









آپ کا تبصرہ