حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائبِ امامِ جمعہ سکردو علامہ شیخ جواد حافظی نے اپنے خطبۂ جمعہ میں کہا کہ امریکی مشاورت اور یورپی دباؤ قومی خودمختاری کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے قومی پالیسیوں میں خود مختاری اور استقلال برقرار رکھنا ضروری ہے۔ رہبرِ معظم آیتالله خامنہای کا قول یاد رکھنا چاہیے کہ: "امریکہ کی دوستی، اس کی دشمنی سے زیادہ نقصان دہ ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ جدید استعماری قوتیں امتِ مسلمہ کی جڑیں کھوکھلی کر رہی ہیں؛ لہٰذا فکری بیداری اور اسلامی مزاحمت ہی ظالم قوتوں کے مقابلے کا واحد راستہ ہے۔ ایران ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہا ہے اور آج بھی استکبار کے خلاف مضبوط قلعے کی حیثیت رکھتا ہے۔
نائبِ امامِ جمعہ سکردو نے گلگت کے تازہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بےگناہوں کو نشانہ بنایا جانا ناقابلِ قبول ہے۔ قاضی نثار اور ایک جج پر حملہ پورے گلگت بلتستان پر حملے کے مترادف ہے۔ دہشت گردی کے خلاف تمام مکاتبِ فکر کا متحدہ موقف وقت کی ضرورت ہے؛ جبکہ شفاف تحقیقات کے بغیر کسی کو مجرم قرار دینا ناانصافی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور بےقصوروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ عوام دشمنوں کے عزائم کو سمجھ چکے ہیں، اس لیے گلگت بلتستان میں امن و امان خراب کرنے کی سازش ناکام رہے گی۔
علامہ جواد حافظی نے کہا کہ ملی اتحاد اور مرکزیت کے بغیر معاشرتی استحکام ممکن نہیں۔ قبلہ علامہ حسن جعفری کی قیادت میں اتحاد و ہم آہنگی برقرار ہے اور گلگت بلتستان کے عوام دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مذہبی اختلافات دشمنوں کا ہتھیار ہیں اور عوام کو اتحاد و بھائی چارے کے ذریعے انہیں شکست دینی چاہیے۔









آپ کا تبصرہ