حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامع مسجد سکردو بلتستان پاکستان میں آج نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے نائب امام جمعہ و صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی نے کہا کہ ہمارا معاشرہ بدقسمتی سے جاہل، بےایمان اور دھوکے باز حکمرانوں کے ہاتھوں یرغمال ہے جو اقتدار بچانے کے لیے یہود و نصاریٰ اور امریکہ کے پٹھو بن چکے ہیں۔
انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے عوام کی بیداری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف ان کے احتجاج کی حمایت کی جاتی ہے۔ حکومت پاکستان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، تاکہ دشمن کو موقع نہ مل سکے۔
نائب امام جمعہ سکردو نے امریکی صدر ٹرمپ اور برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کے فلسطین مخالف عزائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عرب ریاستوں کی بزدلی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے غیرت مندانہ کردار کو سراہا۔
آغا سید باقر الحسینی نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی آزاد کشمیر کی عوام کی طرح بیدار ہو جائیں اور قربانی کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے لینڈ ریفارمز کے حوالے سے واضح کیا کہ عوامی حقوق کی بنیاد پر کی جانے والی اصلاحات ہی قبول کی جائیں گی، جبکہ حکومتی دباؤ اور نمائندوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے سست بارڈر (پاک-چائینہ بارڈر) پر تاجروں کے 90 روزہ احتجاج کے بعد حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر جلد عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔
آقا سید باقر الحسینی نے عالمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مغرب اور خاص طور پر امریکہ کی منافقت کو بے نقاب کیا اور فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والے کاروان پر غاصب صیہونی ریاست کے ظلم، پاکستانی سینیٹر مشتاق سمیت 200 افراد کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے حکمرانوں کو اسلامی غیرت سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ کی خوشامدی میں مصروف ہیں۔









آپ کا تبصرہ