حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ مجلسِ وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے اپنے میڈیا سیل سے جاری بیان میں امیر اہلسنّت و الجماعت گلگت پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ گلگت بلتستان کی وحدت اور امن کو سبوتاژ کرنے کی عالمی استعماری طاقتیں بالخصوص امریکہ کی سازشوں کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وسائل کو لوٹنے، حقوق سے محروم رکھنے اور مشترکہ بیانیے سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے ماضی میں بھی استعمال ہوتے رہے ہیں۔ دیامر ڈیم ایشو پر جاری دھرنے میں شیعہ علماء کی شرکت اور سوست دھرنے میں گلگت بلتستان کے تمام مکاتبِ فکر بالخصوص دیامر کے علماء کرام کی شرکت سے امن و اتحاد کی جو فضاء قائم ہوئی تھی وہ علاقہ دشمن اور ملک دشمن طاقتوں کے لئے کھٹک رہی تھی۔ ہم تمام مکاتبِ فکر کے علماء عالمی مسائل باالخصوص فلسطین کی حمایت ہو یا غاصب ریاست کو تسلیم کرنے کی سازشیوں کی مخالفت، گلگت بلتستان کے معدنیات امریکہ کو دینے کی منصوبہ بندی کی مخالفت ہو یا علاقائی حقوق کے لیے جدوجہد ہو یا اتحاد و وحدت کی فضا قائم رکھنے اور فروغ دینے کے قرآنی احکامات پر عملدرآمد ہو ہم سب متحد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام علمائے کرام ملکر ان گھناؤنی سازشوں کا مقابلہ کریں گے اور وحدت کی فضاء کو قائم رکھیں گے۔
آغا سید علی رضوی نے کہا کہ سکیورٹی ادارے فوری طور پر اس افسوسناک واقعے کے ذمہ داران کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں۔









آپ کا تبصرہ