حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعتِ اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ عوام دشمنی، غیرمنصفانہ اور ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، حکومت عوامی خدمت کے اداروں کو سرمایہ داروں کے حوالے کر کے مہنگائی سے دوچار غریبوں پر ظلم کی مرتکب ہورہی ہے۔ صوبائی حکومت فوری طور پر سرکاری اداروں کی نجکاری کے فیصلے پر نظرثانی کرے اور تعلیم و صحت کے نظام میں بنیادی اصلاحات اور شفاف انتظام یقینی بنائے۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع نے مرکز اسلامی پشاور میں تحریکِ محنت پاکستان کے اجتماعِ ارکان و نوجوانان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ محنت کا مقصد ملک بھر میں دینی و تحریکی لٹریچر کو عام کر کے فکری بیداری اور دعوتِ اسلامی کا فروغ ہے،جو آج کے فکری انتشار کے دور میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اور فلسطین میں جاری اسرائیلی سفاکیت اور بربریت پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابلِ افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن ہر سطح پر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔
عبدالواسع نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نومبر میں ہونے والے جماعت اسلامی پاکستان کے اجتماعِ عام کی تیاری بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کریں، تاکہ یہ اجتماع عوامی بیداری، اسلامی انقلاب اور عدل و انصاف کے نظام کے قیام کی سمت کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ثابت ہو۔









آپ کا تبصرہ