ہفتہ 4 اکتوبر 2025 - 20:51
قم میں اردو ڈب شدہ فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کی پہلی نمائش؛ علمی و دینی شخصیات کی شرکت، حاضرین نے اسے تاریخی اور فنی کامیابی قرار دیا

حوزہ/ قم المقدسہ میں ایامِ وفات حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کو پہلی مرتبہ مکمل طور پر اردو میں ڈب کر کے ’’وینوس سینما‘‘ میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایران، ہندوستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی علمی و ثقافتی شخصیات، علمائے کرام اور طلاب کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ حاضرین نے اس فلم کو اسلامی تاریخ، روحانیت اور فنِ سینما کا حسین امتزاج قرار دیتے ہوئے اسے برصغیر کے اردو دان طبقے کے لیے ایک تاریخی پیش رفت کہا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ/ایامِ وفاتِ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کو پہلی مرتبہ مکمل طور پر اردو زبان میں ڈب کر کے قم کے ’’وینوس سینما‘‘ میں پیش کیا گیا۔ اس ثقافتی تقریب میں ایران، ہندوستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی علمی و ثقافتی شخصیات، علمائے کرام، طلبہ اور اردو زبان کے شائقین نے شرکت کی۔

نمائش کے بعد شرکاء نے حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور اس دینی و فنی کاوش کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

زہیر ظفر رضوی: اردو زبان میں اس طرح کا کام ہونا خوش آئند اور قابلِ تحسین ہے

قم میں اردو ڈب شدہ فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کی پہلی نمائش؛ علمی و دینی شخصیات کی شرکت، حاضرین نے اسے تاریخی اور فنی کامیابی قرار دیا

اس موقع پر کربلا ٹی وی کے اردو سیکشن کے ذمہ دار سید زہیر ظفر رضوی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا: الحمدللہ، آج ہمیں قم المقدسہ میں ایک تاریخی لمحے کا مشاہدہ ہو رہا ہے۔ اردو زبان میں اس طرح کی فلم پہلی بار اس بڑے سینمائی اسٹیج پر پیش کی گئی ہے، جو یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے۔ میں نگاہ ٹی وی کے رفقاء کو اس شاندار اقدام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا: یہ فلم نہ صرف ایک فنی کارنامہ ہے بلکہ اردو بولنے والی دنیا کے لیے روحانی تحفہ بھی ہے۔ جناب معصومہ سلام اللہ علیہا کی زندگی کے جس حصے کو اس فلم میں اجاگر کیا گیا ہے، وہ ہماری تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ ڈبنگ کے لحاظ سے بھی کام بہت عمدہ ہوا ہے اور آواز کا تاثر بالکل اصلی محسوس ہوتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اردو زبان میں مزید اس طرح کے تاریخی اور دینی منصوبے سامنے آئیں تاکہ برصغیر کے ناظرین کو معیاری مذہبی مواد دستیاب ہو۔

دلشاد مہدوی: اسلامی میڈیا کو رحمانی کردار پیش کرنے کی ضرورت ہے

قم میں اردو ڈب شدہ فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کی پہلی نمائش؛ علمی و دینی شخصیات کی شرکت، حاضرین نے اسے تاریخی اور فنی کامیابی قرار دیا

دلشاد مہدوی جنکا تعلق ملک پاکستان سے ہے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: یہ پروگرام برصغیر کے اردو دان طبقے کے لیے نہایت خوش آئند قدم ہے۔ جب ہم دنیا میں شیطانی نیریٹو کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ رحمانی فکر کو مضبوط انداز میں پیش کیا جائے۔ فلم اخت الرضا (س) اسی سلسلے کی ایک مبارک کوشش ہے۔

انہوں نے کہا: فلم کے سینما ٹیکنیک، آواز، ترجمہ اور پیغام — ہر پہلو سے یہ ایک اعلیٰ معیار کی پیشکش ہے۔ اسے دیکھ کر واقعی روحانی سکون اور قربتِ اہل‌بیت کا احساس ہوتا ہے۔ ہمارے معاشروں میں اس طرح کے دینی اور تاریخی کاموں کی سخت ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کے سامنے اہل‌بیت علیہم السلام کے حقیقی نمونے پیش کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ "ہالی وڈ اور بالی وڈ کے فاسد اثرات کا مقابلہ اسی وقت ممکن ہے جب اسلامی میڈیا رحمانی اقدار کو جدید اور فنی انداز میں پیش کرے۔"

ناظرین کے تاثرات: اردو میں یہ فلم دیکھنا ایک روحانی تجربہ تھا

قم میں اردو ڈب شدہ فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کی پہلی نمائش؛ علمی و دینی شخصیات کی شرکت، حاضرین نے اسے تاریخی اور فنی کامیابی قرار دیا

ہندوستان سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی نے حوزہ نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا: ہمیں بہت خوشی ہے کہ قم المقدسہ جیسے علمی مرکز میں اردو زبان میں ایک معیاری دینی فلم دیکھی۔ یہ فلم صرف ایک کہانی نہیں بلکہ عقیدت، تاریخ اور محبتِ اہل‌بیت کا حسین امتزاج ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے فلمی منصوبے ہمارے بچوں اور نوجوانوں کو دین اور اہل‌بیت علیہم السلام سے جوڑنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قم میں اردو ڈب شدہ فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کی پہلی نمائش؛ علمی و دینی شخصیات کی شرکت، حاضرین نے اسے تاریخی اور فنی کامیابی قرار دیا

اسی طرح ہندوستان و پاکستان کے مختلف طلاب و طالبات نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان میں فلم کا یہ تجربہ بہت مفید اور دل کو چھو لینے والا تھا۔ ایسے منصوبے اس بات کی علامت ہیں کہ دینی ادارے اور فنی تنظیمیں اب نئی نسل تک پیغامِ ولایت پہنچانے کے لیے جدید ذرائع استعمال کر رہی ہیں۔

نگاہ ٹی وی کے ذمہ دار: اردو بولنے والے ناظرین کے لیے دینی مواد کی فراہمی ہمارا مقصد ہے

قم میں اردو ڈب شدہ فلم ’’اخت الرضا (س)‘‘ کی پہلی نمائش؛ علمی و دینی شخصیات کی شرکت، حاضرین نے اسے تاریخی اور فنی کامیابی قرار دیا

ادارہ نگاہ ٹی وی کے ذمہ دار مستجا حیدر نے حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: فلم اخت الرضا (س) کو اردو میں ڈب کرنے کا مقصد یہ تھا کہ برصغیر کے ناظرین اہل‌بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو اپنی زبان میں بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ قدم اردو زبان میں دینی فلم سازی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہماری کوشش ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے تاریخی اور عقیدتی موضوعات پر مبنی فلموں اور سیریز کو اردو میں منتقل کیا جائے تاکہ دین، فن اور زبان کا حسین امتزاج عوام تک پہنچے۔

واضح رہے کہ یہ ثقافتی و سماجی پروگرام بلدیہ قم کے ثقافتی ادارے، محکمۂ ارشاد اسلامی، ادارہ نگاہ ٹی وی، سینمائی تنظیم سورہ اور وینوس سینما کی مشترکہ کاوش سے منعقد کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha