ہفتہ 11 اکتوبر 2025 - 22:07
ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر انسان کی اخلاقی ذمہ داری، مولانا سید تقی رضا عابدی

حوزہ/ کانفرنس میں واضح پیغام دیا گیا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے اور ظلم پر خاموشی خود اس کا حصہ بننا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدینہ پبلک سکول، نمپلی حیدرآباد دکن ہندوستان میں "StandWithPalestine" کے عنوان سے ایک عالمی انصاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں سینکڑوں افراد نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا، یہ کانفرنس تحریک فلسطین کے تحت منعقد کی گئی، جس میں حیدرآباد کے ممتاز علمائے کرام، قانونی ماہرین، کمیونٹی رہنماؤں اور فکر مند شہریوں نے شرکت کی۔

کانفرنس سے حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید تقی رضا عابدی، مفتی عمر عابدین، پروفیسر انور خان، ڈاکٹر رضا احمد خان، ایڈووکیٹ سید غیاث، مفتی مظفرالدین قاسمی، ایڈووکیٹ زبیر علی، ڈونتام چرن، الیاس شاہ خان اور مولانا ریاض نقشبندی نے خطاب کیا اور فلسطین کی جدوجہد کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں، انسانی حقوق کی پامالی، میڈیا کی غلط بیانی اور عالمی شہریوں کی اخلاقی ذمہ داری پر زور دیا۔کانفرنس میں مرد و خواتین، طلباء اور علماء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فلسطینی اسکارف اور رومال پہنے کئی افراد نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ خواتین کے لیے خصوصی نشستوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا، تاکہ ان کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

کانفرنس میں واضح پیغام دیا گیا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے اور ظلم پر خاموشی خود اس کا حصہ بننا ہے۔ نامپلی، پبلک گارڈن روڈ کے سامنے مدینہ پبلک سکول میں منعقدہ کانفرنس کا اختتام فلسطین کے لیے امن و انصاف کی دعا کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء نے عالمی انسانی حقوق اور انصاف کے اصولوں کے لیے عزم کا اظہار کیا۔

ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر انسان کی اخلاقی ذمہ داری، مولانا سید تقی رضا عابدی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha