حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے مذہبی شہر مشہد مقدس میں مرکزی اعتکاف کمیٹی کی جانب سے منعقدہ کانفرنس ”وحدت و استقامت“ میں، حزب الله لبنان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین شیخ نعیم قاسم کا پیغام حزب الله کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین شیخ ناجی نے پڑھ کر سنایا؛ پیغام کا متن یوں ہے:
بسم الله الرحمٰن الرحیم
حمد و ستائش؛ تمام جہانوں کے پروردگار سے مخصوص ہے اور اشرف المخلوقات؛ ہمارے مولا و محبوب ابوالقاسم محمد (ص) اور ان کے پاک اور معصوم خاندان و اصحابِ کرام اور تمام پیغمبروں، صالحین اور شہداء پر قیامت تک درود و سلام ہو۔
سلام علیکم و رحمة الله و برکاته!
امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے اپنی کتاب "تحریر الوسیلہ" میں لکھا ہے: اعتکاف مسجد میں عبادت کی نیت سے رہنا ہے اور نیت کے حوالے سے فرمایا: اعتکاف کی نیت میں اتنا کافی ہے کہ انسان اللہ کی قربت کا ارادہ رکھے اور نیت میں خلوص ہو اور کوئی دوسری شرط ضروری نہیں۔ پس، اللہ کی قربت کے لیے کی جانے والی عبادت، مخلوق کو خالق کی محبت میں غرق کردیتی ہے اور اس میں اللہ کی صفات اور تعلیمات سے قوت حاصل ہوتی ہے، تاکہ انسان کے اندر اخلاقی فضائل پیدا ہوں، اور یہ فضائل زندگی کو بہتر بنائیں، اور انسان کو دونوں جہانوں میں سعادت حاصل ہو۔ اعتکاف اللہ کے گھر میں کچھ وقت رہنے کو کہتے ہیں، تاکہ مؤمن اپنی روح کو مجتمع کرے، خود کو آلودگیوں سے پاک کرے، اور ایک نیا عزم اور حوصلہ پیدا کرے، تاکہ وہ اصل محمدی اسلام کا راستہ اختیار کرے اور حضرت محمد (ص) اور ان کے خاندان کے نقشِ قدم پر چلے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں اعتکاف کانفرنس کے منتظمین نے اس سال کے عنوان "وحدت و استقامت" کا انتخاب کیا ہے جو ایک شائستہ عمل ہے۔
اعتکاف کا سب سے اہم نتیجہ استقامت کے لیے عزم کرنا ہے اور یہی استقامت کا آغاز ہے؛ استقامت وہ چیز ہے جسے اللہ نے پیغمبر (ص) اور ان کے پیروکاروں سے طلب کیا ہے۔ قرآن مجید میں الله کا ارشاد ہے: فَاسْتَقِمْ کَمَا أُمِرْتَ وَمَن تَابَ مَعَکَ وَلاَ تَطْغَوْا إِنَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِیرٌ (ہود ۱۱۲)، اور رسول اکرم (ص) نے فرمایا: اگر تم استقامت دکھاؤ گے تو کامیاب ہو جاؤ گے۔ اور امیرالمؤمنین علی (ع) نے فرمایا: سب سے بڑی خوشبختی دین میں استقامت اور پائیداری ہے۔ یہی استقامت ہے جو دین کو زندہ کرتی ہے اور زندہ رکھتی ہے۔ یہ استقامت ہے جو امام خمینی (رح) کی تحریک اور قیام میں جلوہ گر ہوئی اور انقلابِ اسلامی، جو اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیاد پر قائم ہوا، نے آزادی کی تحریکوں کی قیادت کی، مسئلہ فلسطین کو زندہ کیا، امام حسین (ع) کی تحریک سے الہام لیتے ہوئے جہاد و قربانی کی تیاری کو ثمر بخش بنا دیا۔
جب ہم اعتکاف کی روحانی فضیلتوں اور استقامت کے عزم کے بعد عمل کے میدان میں قدم رکھتے ہیں تو ہم اجتماعی عمل سے جڑ جاتے ہیں؛ امت کا اجتماع ضروری ہے اور کامیابی و فلاح صرف اسلامی وحدت سے ہی ممکن ہے، جو امت کے افراد کو دین، حق اور دشمنوں کے مقابلے میں استقامت کے لیے اکٹھا کرتا ہے۔ یہ وحدت عبودیت کے ساتھ ہے؛ اللہ فرماتا ہے: إِنَّ هَذِهِ أمَّتُکُمْ أُمَّةً وَاحِدَةً وَأَنَا رَبُّکُمْ فَاعْبُدُونِ (الأنبیاء 92) دھیان دیں کہ روحانیت کے ارتقاء میں اللہ کے ساتھ تعلق کی تکمیل عملی طور پر وحدت کے طور پر ظاہر ہوتی ہے، جو ایمان کا نتیجہ ہے اور اس کی خوشبو مؤمنوں کی زندگی میں پھیلتی ہے؛ یہ وحدت ایسی ہے جو عزم، تعاون، نصرت اور کفر و باطل کے مقابلے میں مشترکہ مزاحمت کی علامت ہے۔
ہم کیسے متحد نہیں ہو سکتے، جب مسلمانوں کا اتحاد پیغمبر (ص) کی ذاتِ گرامی کے گرد جمع ہونے کا ہے؟ جیسا کہ امام خامنہای فرماتے ہیں: یہاں سنی اور شیعہ، فرقوں اور شدت و اعتدال کے فرق کا کوئی معنی نہیں رہتا؛ سب ایک ہی مرکز، عقیدے اور اسلامی مرکز پر دل و جان سے متفق ہیں۔
آج اسلامی وحدت امام خمینی (رح) کی رہنمائی کے تحت فلسطین کی حمایت میں عالمی سطح پر عملی شکل اختیار کر چکی ہے؛ فلسطینیوں کی آزادی اور ان کی سرزمین کی آزادی کے لیے مالی، جسمانی، میڈیا، ثقافتی اور ہر قسم کی مزاحمت کے ذریعے حمایت کی جا رہی ہے اور ہمارے ولی فقیہ امام خامنہای کی ہدایت کے ساتھ، جو فلسطین کی آزادی اور اس کی حمایت کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ امام خامنہای اور ایران کی جلیل القدر قوم نے فلسطینی مزاحمت، لبنانی مزاحمت اور خطے کے تمام مجاہدین کے لیے مالی، تعلیمی اور عملی حمایت فراہم کی ہے، جو اسلامی وحدت کی حقیقت کو ایک شرعی ذمہ داری کے طور پر ثابت کرتی ہے اور اس کے تقاضوں کو پورا کرتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے قیام سے لے کر آج تک اسلامی وحدت کو استقامت کے راستے پر چلایا ہے؛ اور اس نے امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں بارہ روزہ جنگ کا تجربہ کیا اور اللہ کی مدد سے ایران کے خلاف طاغوتی منصوبوں کو ناکام بنایا۔ عزت مندانہ ذمہ داری پر عمل کا جتنا بھی نقصان آتا ہے، وہ حقیقی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔
لبنان میں حزب الله کے توسط سے مزاحمت؛ 1982 میں اپنے قیام سے لے کر 43 سال تک، امام خمینی (رح) کے اسلامی پیغام، استقامت و وحدت کے نتیجے میں جاری رہی ہے۔
حزب الله نے اپنے اسلامی اتحاد کے مؤقف کے ساتھ فلسطین اور فلسطینیوں کی مدد کی ہے اور اس کے نتیجے میں اسرائیلی دشمن پر؛ خاص طور پر سن 2000 میں جنوبی لبنان کی آزادی میں بغیر کسی شرط کے اور سن 2006 کی 33 روزہ جنگ میں دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے مسلسل فتوحات حاصل کی ہیں۔ ہمارے عظیم شہداء، خاص طور پر سید شہدائے امت، سید حسن نصرالله (رح)، ایک الہام بخش رہنما، شجاع اور دین و اسلامی اتحاد کے پختہ عقیدے کی علامت کے طور پر اُبھرے ہیں؛ انہوں نے ایک نسل کو فلسطین کی مدد اور اپنے دیرینہ دشمن، اسرائیلی ریاست کے خلاف جہاد اور شہادت کے راستے پر تربیت دی ہے، ایک ایسا دشمن جس کا خطرہ صرف فلسطین تک محدود نہیں، بلکہ لبنان اور پورے اسلامی دنیا کو یہ خطرہ لاحق ہے۔
عظیم قربانیاں جیسے کہ عظیم شہداء، سید الہاشمی (سید ہاشم صفی الدین) اور دیگر کمانڈروں، شہداء، زخمیوں، قیدیوں، اور گھروں اور معیشت کی تباہی نے ہمارے عزم اور استقامت میں بڑے ثمرات چھوڑ دیے ہیں اور دشمن کے اہداف کو ناکام بنایا ہے؛ آخری نتائج میں عبرت چھپی ہے۔ ہم دشمن کو اپنے علاقے اور نسلوں کے مستقبل پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
میں مرکزی اعتکاف کمیٹی کا اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور ایران کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو استقامت، اتحاد، اور فلسطین کی مدد کے راستے میں بھاری قیمتیں ادا کر چکے ہیں۔ اس قوم نے ولی فقیہ کی قیادت میں جو کچھ کیا، وہ خطے کے سیاسی نقشے میں ایک اسٹریٹجک تبدیلی تھی اور ایرانی قوم کی قربانیوں کے ثمرات انشاء اللہ فلسطین اور خطے کی دیگر اقوام کی فتح تک جاری رہیں گے۔
شیخ نعیم قاسم؛ سیکرٹری حزب الله
15 ربیع الثانی 1448 ہجری









آپ کا تبصرہ