حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعة المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجیدمیں ہر چیز اور ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔ہجرت کے بعد سب سے پہلی جنگ بدر ہوئی جس میں اللہ تعالیٰ نے 313 کے لیے اسلامی لشکر کو 950 کفار کے مقابلے میں فتح اور کامرانی نصیب فرمائی۔
انہوں نے کہا کمزور قوموں پر احسان کرنے والی اللہ کی ذات ہے،جب اللہ چاہتا ہے تو کمزور قوموں کو طاقت دے دیتاہے۔اسرائیل جیسے ملک کے ساتھ امریکہ سمیت دنیا کی ساری طاقتیں ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے حماس کو ثابت قدم رکھا، ایٹمی ٹیکنالوجی اور فوجی طاقت کے باوجود اسرائیل اپنا ایک بھی یرغمالی حماس سے نہیں چھڑا سکا۔ اللہ نے حماس کو طاقت دی ، اس کی نصرت کی حالانکہ حماس کا دنیا میں کوئی ساتھی نہیں حتیٰ کہ مدد تو دور کی بات مسلمان ممالک بھی حماس کا نام تک نہیں لیتے ۔ حماس کی استقامت اور جرات و بہادری کے عمل کی وجہ سے مسئلہ فلسطین پوری دنیا میں اجاگر ہوا ۔
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی حل میں ناصر ینصرنا کی آواز پر کوئی نہیں آیا۔ اسی طرح غزہ کے مظلوم عوام کی طرف سے مدد کی پکار پر بھی کسی مسلمان ملک نے صدائے لبیک بلند نہیں کی۔ان کا کہنا تھا اگر ہم مسلمان بننا چاہتے ہیں تو ہمیں سب سے پہلے اللہ کی اطاعت کرنا ہو گی۔حافظ ریاض نجفی نے واضح کیا کہ کبھی یہ گمان بھی نہ کرنا کہ رسول اکرم باقی اہل بیت علیہم السلام کے برابر ہیں، بلکہ یہ طے ہے کہ اللہ کے بعد رسول حضور اکرم ہی سب سے برتر و بہتر ہے۔









آپ کا تبصرہ