حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے شاہنواز مری میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل کے حوالے سے ہمارا مؤقف وہی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کا تھا۔ ہم اسرائیل کو ناجائز ریاست سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین آغا منور جعفری، اصغر علی سیٹھار اور مولانا منور حسین سولنگی بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین ضلع بے نظیر آباد کے صدر مولانا سجاد علی محسنی کی قیادت میں تعلقہ رہنما ڈاکٹر عبدالعزیز، یونٹ صدر مشتاق حسین مری اور دیگر تنظیمی ذمہ داران بطور میزبان موجود تھے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے شہداء کے پاکیزہ لہو کی برکت سے آج مسئلۂ فلسطین پوری دنیا کا سب سے بڑا اور بنیادی انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اسرائیل کے بارے میں وہی مؤقف ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا تھا۔ ہم اسرائیل کو ایک ناجائز ریاست سمجھتے ہیں اور دو ریاستی حل کے نام پر غاصب اسرائیل کے ناجائز قبضے کو قانونی حیثیت دینے کو سنگین جرم سمجھتے ہیں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ صوبۂ سندھ میں تنظیمی فعالیت میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ تعلقہ کابینہ کو مضبوط اور یونٹس کو فعال بنایا جائے گا۔ یونٹس کے لیے شعبہ تنظیم سازی کی جانب سے دیئے گئے نَو نکاتی پروگرام پر عمل درآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔ وطن عزیز پاکستان میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت، عالمی استکباری قوتوں (امریکہ و اسرائیل) کے خلاف دوٹوک مؤقف اور وطنِ عزیز پاکستان کی خودمختاری، ترقی و سربلندی مجلس وحدت مسلمین کے ویژن کا بنیادی حصہ ہیں۔









آپ کا تبصرہ