جمعرات 29 جنوری 2026 - 11:16
اسرائیل کا وجود عالمِ اسلام کے سینے میں خنجر؛ پاکستان کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا: آغا باقر الحسینی

حوزہ/انجمنِ امامیہ بلتستان پاکستان کے صدر علامہ آغا سید محمد باقر الحسینی نے موجودہ حکومت کی جانب سے غزہ امن بورڈ (Peace Board Gaza) میں شمولیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نظریۂ پاکستان اور بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے واضح اور اصولی مؤقف کے سراسر منافی قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ امامیہ بلتستان پاکستان کے صدر علامہ آغا سید محمد باقر الحسینی نے موجودہ حکومت کی جانب سے غزہ امن بورڈ (Peace Board Gaza) میں شمولیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نظریۂ پاکستان اور بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے واضح اور اصولی مؤقف کے سراسر منافی قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں علامہ آغاسید محمد باقر الحسینی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے 1948ء میں غاصب صیہونی ریاست کے قیام کے خلاف دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ اسرائیل کا وجود عالمِ اسلام کے سینے میں خنجر کے مترادف ہے اور پاکستان کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت کی جانب سے اس نوعیت کے اقدامات کرنا قائد اعظمؒ کے نظریے سے صریح انحراف کے مترادف ہے۔

صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان نے مزید کہا کہ یہ اقدام فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ کھلی خیانت اور قبلۂ اول بیت المقدس کے تقدس پر سمجھوتے کے برابر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا حقیقی تشخص مظلوموں کی حمایت، حق و انصاف کے ساتھ کھڑے ہونے اور غاصب صہیونیت کی کھلی مخالفت میں مضمر ہے۔

علامہ آغا سید محمد باقر الحسینی نے حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا کہ وہ قائد اعظمؒ کے اصولی مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے فلسطین کے مسئلے پر ایک واضح، جرأت مندانہ اور امتِ مسلمہ کے جذبات کے مطابق پالیسی اختیار کرے اور کسی بھی ایسے اقدام سے باز رہے جو ملتِ اسلامیہ کے احساسات کو مجروح کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha