حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 25 دسمبر بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے 149 واں یومِ ولادت اور کرسمس کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور بالخصوص مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا ویژن، جس کی بنیاد اتحاد، ایمان اور تنظیم پر ہے، آج بھی پاکستان کو درپیش چیلنجز کا واحد مؤثر حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان ایک فلاحی ریاست پر یقین رکھتے تھے؛ اگر ہم قائد کے افکار پر خلوصِ نیت سے عمل پیرا ہوں تو ملک کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ 25 دسمبر کو ایک طرف قائد اعظمؒ کی ولادت کا دن ہے تو دوسری جانب حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کی خوشی میں کرسمس منایا جاتا ہے، جو امن، محبت، برداشت اور انسانیت کا عالمی پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار قابلِ قدر اور قابلِ فخر ہے، قائد اعظمؒ کے پاکستان میں تمام اقلیتی برادریاں برابر کی شہری ہیں، جن کے مذہبی، سماجی اور آئینی حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اقلیتوں کے احترام، باہمی رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے بغیر ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کا تصور ممکن نہیں۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، قومی یکجہتی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ ذاتی، سیاسی اور مذہبی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے متحد ہو کر ایک آئین کی بالا دستی اور عدل ومساوات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، یہی قائد اعظمؒ کے پاکستان کا اصل پیغام ہے۔









آپ کا تبصرہ