حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے فوکل پرسن قاسم علی قاسمی نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے، جس میں دوسرے مذاہب کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے اور انہیں برداشت کرنے کا حوصلہ اور روایت موجود ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ اسلام اور مسیحیت کا گہرا تعلق رہا ہے۔ نجران کے مسیحی پادری کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ مباہلہ سے انکار کر کے جزیہ دینے پر تیار ہونا، جبکہ کربلا میں محمد عربی کا کلمہ طیبہ پڑھنے والوں نے اہل بیت اطہار کی چادریں چھین لی تھیں، لیکن مسیحیوں نے انہیں چادریں دیں، یہ واقعات تاریخ کا حصہ اور مسیحیوں کا اہل بیت سے محبت کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسیحی خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نہ مانیں تو وہ مسیحی رہ سکتے ہیں، لیکن مسلمان اگر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو نہ مانیں تو اسلام پر نہیں رہ سکتے، کیونکہ ہم تمام انبیاء علیہم السلام کی نبوت اور حضرت رسول خدا کی ختم نبوّت پر ایمان رکھتے ہیں۔
قاسم علی قاسمی نے کہا کہ مسیحی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو امن کا شہزادہ قرار دیتے ہیں، جبکہ اسلام ہی سلامتی کا دین ہے تو مسیحی حضرت عیسیٰ اور مسلمان رسول مکرم کی تعلیمات پر عمل کرتے تو دنیا امن کا گہوارہ ہوتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیت الامن شادمان میں چیئرمین بین المذاہب امن کمیٹی لاہور چودھری ارشد گجر کی میزبانی میں کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں چیئرمین سنی علماء کونسل علامہ اصغر عارف چشتی، چودھری صغیر عباس ورک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔









آپ کا تبصرہ