منگل 23 دسمبر 2025 - 10:25
حرم حضرت موسیٰ مبرقع (ع) میں شہادت امام علی نقی علیہ السلام کی مناسبت سے مجلس عزا کا انعقاد

حوزہ/ قم المقدسہ میں حضرت امام علی نقی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے عظیم الشان مجلس عزا آپؑ کے برادرِ بزرگوار حضرت امامزادہ موسیٰ مبرقع علیہ السلام کے روضۂ مبارک میں منعقد کی جائے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت امام علی النقی الہادی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر یہ مجلسِ عزا قم میں واقع حضرت موسیٰ مبرقع علیہ السلام کے حرم کے جوار میں منعقد ہوگی، جس میں اہلِ بیتؑ سے عقیدت رکھنے والے مؤمنین اور عزادار بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ پروگرام آج بروز منگل، نمازِ مغرب و عشا کے بعد شروع ہوگا۔ مجلس سے حجت الاسلام شحیطاط خطاب کریں گے، جبکہ اس کے بعد کربلائی یاسین شیخ زادہ مرثیہ و نوحہ خوانی کریں گے۔

قابلِ ذکر ہے کہ حضرت امامزادہ موسیٰ مبرقع علیہ السلام، حضرت امام ہادی علیہ السلام کے سگے بھائی اور حضرت امام محمد تقی جواد علیہ السلام کے فرزند تھے۔ آپؑ کو قم کی تاریخ کے عظیم محدثین اور فقہاء میں شمار کیا جاتا ہے۔ آپؑ نے چالیس برس کی عمر میں قم کی طرف ہجرت کی اور تادمِ حیات اسی شہر میں مقیم رہے۔

آج حضرت موسیٰ مبرقع علیہ السلام کا روضۂ مبارک قم کا تیسرا بڑا زیارتی حرم شمار ہوتا ہے، جہاں ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک، خصوصاً ہندوستان اور پاکستان سے ہزاروں زائرین حاضری دیتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha