حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما اور Auspak انٹر فیتھ بورڈ کے صدر علامہ اشفاق وحیدی نے قومی رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی اسلام آباد کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ظفر محمود ملک اور ڈائریکٹر سہیل بن عزیز سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران موجودہ دور میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کی ضرورت پر زور اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی ہر شکل کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی امن کے لیے ایک چیلنج قرار دیا۔
ڈی جی اتھارٹی ظفر محمود ملک نے علامہ اشفاق وحیدی کو خوش آمدید کہتے ہوئے اتھارٹی کی دو سالہ جامع کارکردگی اور مختلف شعبوں میں کیے گئے کاموں پر بریفنگ دی۔

علامہ اشفاق وحیدی نے اتھارٹی کی انتھک محنت اور کوششوں کو سراہتے ہوئے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ بین الاقوامی سطح پر اس کے مثبت پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈی جی ظفر محمود ملک اور ڈائریکٹر سہیل بن عزیز نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما کی اتحاد، وحدت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی پاکستان اور بیرون ملک کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر ظفر محمود ملک نے علامہ اشفاق وحیدی کو خصوصی کتب کا تحفہ پیش کرتے ہوئے ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقوں نے ملک و قوم کی بہتری اور باہمی افہام و تفہیم کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔









آپ کا تبصرہ