ہفتہ 11 اکتوبر 2025 - 15:01
کولمبیا کے صدر کی امید: ہم آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے منتظر ہیں

حوزہ/ کولمبیا کے صدر گوستاوو پترو نے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں صلح کے پہلے مرحلے سے متعلق معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں یہ جنگ بندی ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی تمہید ثابت ہوگی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کولمبیا کے صدر گوستاوو پترو نے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں صلح کے پہلے مرحلے سے متعلق معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں یہ جنگ بندی ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی تمہید ثابت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق، کولمبیا کے صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری ایک پیغام میں لکھا: "ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس نئی جنگ بندی پر خوش ہیں۔ اگرچہ ماضی میں متعدد جنگ بندیاں بے اثر رہیں، لیکن اس بار ہمیں امید ہے کہ ہم آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل کی سمت ایک اہم قدم اٹھا سکیں گے۔"

گوستاوو پٹرو، جو غزہ میں صیہونی جارحیت کے سخت ناقد سمجھے جاتے ہیں، نے امریکہ کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا: "ٹرمپ کے پاس اس تنازع کے حل کی چابی تھی اور اس بار انہوں نے اسے درست طریقے سے استعمال کیا۔ امریکی فوجی مدد کے بغیر نیتن یاہو اپنی جارحیت جاری نہیں رکھ سکتا تھا۔"

انہوں نے مزید کہا: "جب تک ٹرمپ نیتن یاہو کی پشت پناہی کرتے رہے، غزہ میں نسل کشی جاری رہی۔ تاہم اقوام کے دباؤ، قطر اور مصر کی ثالثی، اور جنوبی افریقہ و کولمبیا جیسے ممالک کے دوٹوک مؤقف نے واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان معمولی ہی سہی مگر ایک فاصلہ پیدا کر دیا۔"

صدر کولمبیا نے یاد دلایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران فلسطینیوں کی حمایت کے لیے "نجات فوج" (Army of Salvation) تشکیل دینے کی تجویز پیش کی تھی۔ ان کے بقول، "اگر فلسطینی قوم کے حقِ خودارادیت کا احترام کیا جائے تو یہ منصوبہ برقرار رہے گا، البتہ اس کا مشن اب تعمیر نو اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعاون پر مبنی ہوگا۔"

واضح رہے کہ قطر، مصر اور ترکی کی ثالثی سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیش کردہ صلح تجاویز کے تحت، اسرائیل کو غزہ پر حملے بند کرنے اور ہزاروں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے تمام اسرائیلی اسیر — زندہ یا مردہ — کو 72 گھنٹوں کے اندر آزاد کرنا ہوگا۔

اسرائیلی ذرائع کے مطابق، 48 اسرائیلی اسیران میں سے صرف تقریباً 20 زندہ ہیں۔ ان میں "الکانا بوهبوت" نامی دوہری شہریت رکھنے والا کولمبیائی–اسرائیلی شہری بھی شامل ہے جس کی اہلیہ کولمبیا سے تعلق رکھتی ہیں اور اس کا ایک چار سالہ بیٹا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha