حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے تاکید کی ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں تل ابیب کو نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہید سید حسن نصر اللہ، سید ہاشم صفی الدین، سردار قاسم سلیمانی، اور محمد عفیف النابلسی سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا: "شہید محمد عفیف النابلسی نے حزب اللہ کے میڈیا سیکشن کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کرنے، مزاحمت کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے، اور دشمن کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کا جواب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ بیروت پر حملے کا جواب اسرائیلی دارالحکومت کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔"
شیخ نعیم قاسم نے حزب اللہ کے شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ہم یمن، عراق، اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر فلسطین کے مظلوم عوام کے حقوق کی حمایت کرنے پر فخر کرتے ہیں، جب کہ دنیا محض 45 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادت، زخمی ہونے اور بے گھر ہونے کو دیکھ رہی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہ پر محیط اس جنگ میں لبنان کی مزاحمت نے مثالی استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل نے زمینی حملے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے اور بعض دیہات پر قبضے کی کوشش کی، لیکن حزب اللہ ہر اس مقام پر دشمن کے خلاف جنگ کرے گی جہاں وہ پیش قدمی کی کوشش کرے گا، چاہے مزاحمت ایک منظم فوج نہ ہو۔
انہوں نے شہید سید ہاشم صفی الدین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ "وہ مزاحمت کے راہی تھے اور حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔"