حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیتِ علمائے پاکستان نورانی ضلع ملتان کے زیراہتمام پریس کلب ملتان میں غزہ کی پکار اسرائیل مردہ باد سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت جمعیتِ جنوبی پنجاب کے صدر محمد ایوب مغل نے کی، جبکہ جماعت اہل سنت پنجاب کے ناظم اعلی علامہ محمد فاروق خان سعیدی، صاحزادہ معصوم میاں نقشبندی اور یونس غازی نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا غزہ پر اسرائیلی ظلم پر بین الاقوامی طاقتوں کی خاموشی اور عالم اسلام کی طرف سے عملی اقدامات نہ کرنا معنی خیز اور شرمناک ہے، امریکی صدر کا حماس کو بار بار جارہانہ انداز میں حکم دینا جدید دور میں ظلم کی انتہا ہے، اسرائیل خونی بھیڑیا ہے اور دنیا خصوصا عالم اسلام کے حکمران تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس پر پوری دنیا کی عوام سڑکوں پر نکل کر سراپا احتجاج ہیں، اگر امریکہ اور اسرائیل کو غزہ میں مسلمانوں کے خون سے عملی طور پر نہ روکا گیا تو یہ جنگی جنون کی آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے کر دم لے گی۔ حکومت پاکستان سابق سینٹر مشتاق احمد خان کو اسرائیلی ظالمانہ حراست سے رہائی دلا کر پاکستان لائے، حماس کی ہمت اور استقامت کو بھی سلام ہے، دو سالہ امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیلی ظلم و جبر کے باوجود تنہا اپنے قدموں پر کھڑے ہو کر بین الاقوامی قوت کے مقابلے پر ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ موجودہ ظلم کو روکنے کا واحد حل جذبہ جہاد کے زندہ ہونے میں ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو دیگر اقوام کی طرح سڑکوں پر نکل کر دنیا کے سامنے بھرپور طریقے سے احتجاج کرنا چاہیے، اس جدید دور میں بھی مسلمانوں کو علاج معالجہ اور خوراک سے محروم کرنا ظلم و بربریت کی انتہا ہے، اس پر دنیا کی خاموشی بڑا ظلم ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے، مذہبی جماعتوں کو متحد ہوکر بھرپور طریقے سے صدائے احتجاج کو بلند کرنا وقت کا تقاضا ہے، اسرائیل ناجائز ریاست ہے جو یورپ اور امریکہ نے مل کر مسلمانوں کے قتل عام کرنے کے لئے بنائی، بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، غزہ فلسطین انبیا کرام علیہم السلام کی سرزمین ہے۔









آپ کا تبصرہ