حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے شدید فضائی اور توپ خانے کے حملوں کی اطلاعات ہیں۔ الجزیرہ کے نامہ نگار کے مطابق غزہ شہر کے النصر اور تل الهوا علاقوں پر زوردار فضائی حملے کیے گئے ہیں جبکہ الجلاء سڑک پر توپ خانے سے فائرنگ ہوئی ہے۔
غزہ کے اسپتالوں کے ذرائع کے مطابق آج صبح سے اب تک اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں 7 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
ایمرجنسی خدمات کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے تل الهوا علاقے میں الروم اسکول کے قریب اسرائیلی حملے میں کئی زخمی ہوئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
بپٹسٹ اسپتال کے طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تل الهوا علاقے میں اسرائیلی حملے میں دو فلسطینی شہید ہوئے ہیں جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
الجزیرہ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے جنوب مغربی علاقوں پر آج صبح سے مسلسل فضائی اور توپ خانے کے شدید حملے جاری ہیں۔
گزشتہ روز اتوار کو غزہ کے اسپتالوں کے مطابق 19 افراد اسرائیلی فائرنگ میں شہید ہوئے تھے جن میں سے صرف غزہ شہر میں ہی 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
اس دوران انسانی حقوق کی تنظیم 'ہیومن رائٹس واچ' نے دنیا کے ممالک سے غزہ میں شہریوں کے خلاف ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش کیا گیا منصوبہ اس حوالے سے ناکافی ہے۔









آپ کا تبصرہ