پیر 6 اکتوبر 2025 - 13:13
غزہ میں جنگ بندی کی ہر ایسی کوشش کی حمایت کرتے ہیں جو نسل کشی کے خاتمے کا باعث بنے

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ خارجہ نے غزہ میں پیش کیے گئے جنگ بندی کے منصوبے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ اُس طرح کے ہر منصوبے حمایت کرتا ہے جو فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی، جنگی جرائم اور غیر انسانی اقدامات کے خاتمے میں مددگار ہو اور فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کو یقینی بنائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ خارجہ نے غزہ میں پیش کیے گئے جنگ بندی کے منصوبے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ اُس طرح کے ہر منصوبے حمایت کرتا ہے جو فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی، جنگی جرائم اور غیر انسانی اقدامات کے خاتمے میں مددگار ہو اور فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کو یقینی بنائے۔

وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں عالمی برادری کو یاد دلایا کہ غزہ میں جاری قتلِ عام کے مقابلے میں خاموش رہنا بین الاقوامی قوانین، بالخصوص اقوامِ متحدہ کے 1948ء کے "کنونشن برائے انسداد نسل کشی" کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ہر ملک کی اخلاقی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی جائز اور قانونی جدوجہد کی حمایت کرے تاکہ وہ صہیونی استعمار، نسل پرستی اور قبضے سے نجات حاصل کر سکیں۔

ایران نے خبردار کیا کہ صہیونی حکومت کی سابقہ وعدہ خلافیوں اور توسیع پسندانہ عزائم کو دیکھتے ہوئے کسی بھی نئے منصوبے میں اس کی نیت اور عمل پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ اس معاملے میں فیصلہ کن اختیار فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمتی تحریکوں کا ہے، اور ایران ان کے ہر اُس فیصلے کا خیرمقدم کرے گا جو غزہ میں قتلِ عام کے خاتمے، صہیونی فوج کے انخلا، فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کے احترام، انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرِ نو پر مشتمل ہو۔

بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی اور قتلِ عام کا خاتمہ عالمی اداروں کی یہ ذمہ داری ختم نہیں کرتا کہ وہ صہیونی حکومت کے جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ذمہ داروں کا قانونی تعاقب کریں اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے غزہ کے مظلوم عوام کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی میں تعاون کرنے کی اپنی آمادگی کا بھی اعلان کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha