پیر 25 اگست 2025 - 23:34
عراق کا اعلان: غزہ کی تعمیر نو اور فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کے لیے تیار

حوزہ/ عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغداد غزہ کی تعمیرِ نو اور متاثرہ عوام کی امداد کے لیے عملی اقدامات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغداد غزہ کی تعمیرِ نو اور متاثرہ عوام کی امداد کے لیے عملی اقدامات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

فواد حسین جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عراق پوری قوت کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور غزہ میں صہیونی مظالم کو نسل کشی اور کھلی جارحیت قرار دیتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی حملے اور غیرقانونی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں جن کے خلاف فوری اور سخت عالمی ردعمل ضروری ہے۔ ان کے مطابق، ناجائز صہیونی بستیوں کی توسیع کشیدگی کم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا رہی ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے عرب و اسلامی ممالک اور عالمی برادری سے متحدہ موقف اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا تاخیر فراہمی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں خصوصاً قرارداد 2334 پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عراق فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد اور آزاد ریاست کے قیام کے مؤقف پر ثابت قدم ہے اور غزہ کی تعمیر نو اور متاثرہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

فواد حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عراق عرب و اسلامی ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha