جمعہ 18 اپریل 2025 - 13:08
حماس کا عالمی سطح پر ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کا مطالبہ؛ غزہ میں نسل کشی روکنے کی اپیل

حوزہ/ حماس نے دنیا بھر کی اقوام، بالخصوص عرب و اسلامی ممالک کی عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ "غزہ فریاد کر رہا ہے" کے عنوان سے آئندہ ایک ہفتے پر مشتمل عالمی سطح پر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ غزہ میں محصور فلسطینی عوام کی المناک صورت حال کو عالمی توجہ حاصل ہو۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تحریک "حماس" نے ایک بیان میں صہیونی حکومت کی جانب سے جاری "وحشیانہ جارحیت" کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مظالم امریکی حمایت اور بین الاقوامی برادری کی مشکوک خاموشی کے سائے میں جاری ہیں۔

حماس نے دنیا بھر کی اقوام، بالخصوص عرب و اسلامی ممالک کی عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ "غزہ فریاد کر رہا ہے" کے عنوان سے آئندہ ایک ہفتے پر مشتمل عالمی سطح پر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ غزہ میں محصور فلسطینی عوام کی المناک صورت حال کو عالمی توجہ حاصل ہو۔

تحریک حماس نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا کہ: "ہم تمام دستیاب ذرائع اور قوتوں کو متحرک کرنے کی اپیل کرتے ہیں تاکہ غزہ کی مزاحمت کی حمایت اور صہیونی جارحیت کی مذمت میں دنیا بھر کے دارالحکومتوں، شہروں اور میدانوں میں احتجاجی ریلیاں، دھرنے اور بھرپور مظاہرے منعقد کیے جا سکیں۔"

حماس نے 18 تا 20 اپریل (جمعہ، ہفتہ، اتوار) کو عالمی ایامِ خشم (Global Days of Rage) قرار دیتے ہوئے ان دنوں میں عالمی سطح پر صہیونی قبضے، امریکی حمایت اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف بھرپور احتجاج کی اپیل کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک حماس عالمی عوامی اور طلبہ یونینز کی جانب سے جاری تحریکوں کا خیر مقدم کرتی ہے، اور تمام طلبہ و محنت کش طبقے سے مطالبہ کرتی ہے کہ 22 اپریل (منگل) کو عالمی یومِ ہڑتال کے طور پر منائیں اور دنیا بھر کی یونیورسٹیوں و تعلیمی اداروں میں غزہ سے یکجہتی اور محصور فلسطینی عوام کی حمایت میں مکمل ہڑتال کریں۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی مظالم کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت نہ صرف غزہ میں غذائی اجناس، ادویات اور ایندھن کی ترسیل روک رہی ہے بلکہ جان بوجھ کر پانی کے کنووں اور ڈی سیلی نیشن پلانٹس (پانی کو صاف کرنے والی فیکٹریوں) کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔

آخر میں حماس نے عرب و اسلامی ممالک، ان کی حکومتوں، عوام اور سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر مسلط محاصرہ ختم کروانے کے لیے ایک تاریخی موقف اختیار کریں اور عملی اقدامات اٹھائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha