جمعرات 17 اپریل 2025 - 13:22
غزہ ناقابلِ شکست ہے، دشمن کے سامنے جھکنا امام حسینؑ کے راستے سے انحراف ہے: آیت اللہ جواہری

حوزہ/ نجف اشرف کے بزرگ عالم دین آیت اللہ حسن جواہری نے کہا ہے کہ غزہ کی جدوجہد لازوال ہے، اور اسرائیل کی فتح کا دعویٰ محض ایک فریب ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دشمن کے آگے سر جھکانا، امام حسین علیہ السلام کی راہ سے انحراف اور اسلامی اقدار سے خیانت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے بزرگ عالم دین آیت اللہ حسن جواہری نے کہا ہے کہ غزہ کی جدوجہد لازوال ہے، اور اسرائیل کی فتح کا دعویٰ محض ایک فریب ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دشمن کے آگے سر جھکانا، امام حسین علیہ السلام کی راہ سے انحراف اور اسلامی اقدار سے خیانت ہے۔

نجف اشرف سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ حسن جواہری نے ایک بیان میں موجودہ حالات اور غزہ کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے علما کے کردار کو اُمت کی رہنمائی میں کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نجف کے مراجع عدل، حکمت اور عقلانیت کے اصولوں کی پابند ہیں اور اسی راستے پر امت کی رہنمائی کرتے ہیں۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فتح کے دعوے کو "محض ایک وہم" قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ غزہ نہ کبھی شکست کھا سکا ہے اور نہ آئندہ شکست کھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کی استقامت اور صہیونیوں کے چہرے پر مایوسی ہی اصل کامیابی کا ثبوت ہے۔

آیت اللہ جواہری نے مزید کہا کہ جو لوگ دشمن سے سمجھوتے کی دعوت دیتے ہیں، وہ امام حسین علیہ السلام کے راستے سے ہٹ چکے ہیں۔ حوزات علمیہ ہمیشہ مظلومین کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چاہے وہ غزہ ہو، لبنان ہو یا کوئی اور خطہ۔

انہوں نے بعض عرب حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خیانتوں کے نتیجے میں مزاحمتی محاذ کو نقصان ضرور پہنچا، مگر یہ محاذ آج بھی پوری طاقت سے قائم ہے اور اس نے دشمن کو مذاکرات کی میز پر اپنی شرائط ماننے پر مجبور کر دیا ہے۔

آیت اللہ جواہری نے مرجعیت کو دنیوی مفاد کا ذریعہ سمجھنے والوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شرعی ذمہ داری ہے، جسے علما خدا کے لیے ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نظام ولایت فقیہ کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آئمہ علیہم السلام کی ولایت کا تسلسل قرار دیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے شہید سید محمد باقر صدر کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کتاب "اقتصادنا" نے مادی نظریات کا علمی جواب فراہم کیا اور وہ حق کی سربلندی کے لیے اپنی جان قربان کر گئے۔

آخر میں، آیت اللہ جواہری نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ استعمار کے فکری و ثقافتی حملوں کے خلاف بیدار رہے اور دین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے مظلومین کی حمایت کو اپنا دینی فریضہ سمجھے۔ انہوں نے کہا: "جهاد اور مزاحمت کا راستہ جاری رہے گا اور علما کا تاریخی کردار امت کی راہنمائی میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha